ملکی تاریخ میں پہلی بار آئی ٹی برآمدات 2  ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

مالی سال 2019-20ء کے اختتام پر انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی برآمدات کا مجموعی حجم ایک ارب 44 کروڑ ڈالر رہا تھا جو مالی سال 2020-21ء کے اختتام پر 47.4 فیصد اضافے سے 2 ارب 12 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا

1613

اسلام آباد: گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 47.4 فیصد اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 2  ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری رزاق دائود نے ٹویٹر پر پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز کو برآمدات میں اضافہ کرنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ’’مجھے پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز اور انٹرپرینیورز کی صلاحیتوں پر اعتماد اور یقین تھا، آپ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، برآمدات میں مزید اضافے کیلئے کوشش کرتے رہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان کا نیشنل انکیوبیشن سینٹرز پراجیکٹ دنیا بھر میں ٹاپ 5 آئی ٹی منصوبوں میں شامل

آئی ٹی کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ، سالانہ شرح نمو جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ رہی

مشیر تجارت کے مطابق پیوستہ مالی سال 2019-20ء کے اختتام پر پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی برآمدات کا مجموعی حجم ایک ارب 44 کروڑ ڈالر رہا تھا جو گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے اختتام پر 47.4 فیصد اضافے سے 2 ارب 12 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران کمپیوٹر سروسز کی ایکسپورٹس سالانہ 49.91 فیصد بڑھیں اور مالی سال 2019-20ء کی 99 کروڑ 68 لاکھ 80 ہزار ڈالر سے مالی سال 2020-21ء میں ایک ارب 49 کروڑ 44 لاکھ ڈالر تک جا پہنچیں۔

کمپیوٹر سروسز میں سافٹ وئیر کنسلٹنسی سروسز کی برآمد 32.18 اضافے سے 37 کروڑ 71 لاکھ 34 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 49 کروڑ 85 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

اسی طرح کمپیوٹر سافٹ وئیرز سے متعلقہ سروسز کی برآمدات 29.24 فیصد اضافے سے 28 کروڑ 60 لاکھ 88 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 36 کروڑ 96 لاکھ 48 ہزار ڈالر تک جا پہنچیں۔

زیرجائزہ عرصے کے دوران ہارڈ وئیر کنسلٹینسی سروسز کی برآمدات میں 72 فیصد کمی دیکھنے آئی اور مالی سال 2019-20ء کی 19 لاکھ 19 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 5 لاکھ 28 ہزار ڈالر پر آ گئیں، ریپئیر اینڈ مینٹی نینس سروسز کی ایکسورٹس 65.52 فیصد اضافے سے پانچ لاکھ 2 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 14 لاکھ 56 ہزار ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here