اسلام آباد: وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن نے ملک کی پہلی سائبر سیکیورٹی پالیسی تیار کر لی جسے وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ دنیا کی ایک بڑی آبادی اپنے معاشی، اقتصادی اور پیشہ ورانہ امور کو سائبر سپیس استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل طریقے سے چلا رہی ہے لیکن اس کے ساتھ جرائم بھی پنپ رہے ہیں۔
Federal Cabinet Approves ‘National Cyber Security Policy 2021’ by Ministry of IT & Telecom
Strengthening the cyber security posture of Pakistan will promote citizen's trust in digital solutions and will bring economic prosperity. #CyberSecurePakistan #DigitalPakistan #MOITT pic.twitter.com/d3OQuOYHaD
— Ministry of IT & Telecom (@MoitOfficial) July 27, 2021
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سسٹم کے بڑھتے استعمال کے ساتھ اس میں کچھ ناپسندیدہ مواد اور سائبر کرمنلز شامل ہوتے جا رہے ہیں جو عوام اور سرکاری و نجی اداروں کا ڈیٹا چوری کرنے سے لے کر انہیں نقصان پہچانے تک کے ذمہ دار ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سائبر سیکیورٹی پالیسی کے اہم نکات میں سائبر ایکو سسٹم کے تحفظ کیلئے تمام سرکاری و نجی اداروں میں اندرونی فریم ورک کیا جائے گا اور گورننس کے قیام کیلئے معاونت کی جائے گی۔
سید امین الحق نے کہا کہ نیشنل انفارمیشن سسٹم اور انفارمیشن انفراسٹرکچر کی سکیورٹی، تمام قومی آئی سی ٹی انفراسٹرکچرز میں ’پروٹیکشن اور انفارمیشن شیئرنگ میکینزم‘ کے ذریعے ہر سطح پر سائبر حملوں سے تحفظ یقینی بنانا بھی اس پالیسی کا حصہ ہے۔
اس کے علاوہ سائبر کرائم کی مانیٹرنگ اور بروقت نشاندہی، آن لائن جرائم سے تحفظ اور بروقت ضروری اقدامات بھی اس پالیسی میں شامل ہیں، ایسے تمام اداروں کو آن لائن پرائیویسی کے تحفظ کیلئے مطلوبہ سسٹم اور معاونت کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔