اسلام آباد: گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران پاکستان میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی کاروں کی پیداوار میں 98.88 فیصد اور فروخت میں 90.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے جون 2021ء تک ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 75 ہزار 942 یونٹس کاروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے مقابلے میں 98.88 فیصد زیادہ ہے، جولائی 2019ء سے لے کر جون 2020ء تک کی مدت میں ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 38 ہزار 184 یونٹس کاروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسی طرح جون 2021ء کے دوران ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 8 ہزار 412 یونٹس کاروں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جو جون 2020ء کے 3 ہزار 808 یونٹس کاروں کے مقابلہ میں 120.90 فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
کاروں کی فروخت میں 62 فیصد، کار فنانسنگ میں 41 فیصد اضافہ
حکومت کا گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، قیمتیں کتنی کم ہوں گی؟
پاکستان میں کاریں بنانے والی تین بڑی کمپنیوں نے 8 سالوں میں کتنا ٹیکس دیا؟
آل پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران ملک میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 75 ہزار 97 یونٹس کاروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ مالی سال 2019-20ء کے 39 ہزار 386 یونٹس کاروں کے مقابلے میں 90.66 فیصد زیادہ ہے۔
جون 2021ء میں 1300 سی سی اور اس سے زیادہ پاور کی 7 ہزار 42 یونٹس کاروں کی فروخت ہوئی جو جون 2020ء کے 4 ہزار 56 یونٹس کے مقابلہ میں 73.61 فیصد زیادہ ہے۔ ان میں ہونڈا سوک، ہونڈا سٹی، سوزوکی سوئفٹ، ٹویوٹا کرولا، ٹویوٹا یاریس اور ہونڈائی الانٹرا شامل ہیں۔
دوسری جانب کورونا وباء کے باعث درپیش رکاوٹوں کے باوجود آٹو سیکٹر میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ کے دوران بینکوں کی جانب سے کار فنانسنگ (کار خریدنے کیلئے قرض) 41 فیصد بڑھی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی 2020ء سے مئی 2021ء کے دوران کار فنانسنگ کی مد میں قرضوں کا اجراء 279.5 ارب روپے تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2019-20ء کے اختتام پر قرضوں کی فراہمی کا حجم 211.11 ارب روپے رہا تھا۔
اس طرح مالی سال 2019-20ء کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ کے دوران کاروں کی خریداری کے لئے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں 86.5 ارب روپے یعنی 41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کاروں کی خریداری کے لئے اسلامک بینکوں کی طرف سے بھی قرضوں کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوا اور مجموعی قرضہ جات میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کے فراہم کردہ قرضوں کی شرح 60 فیصد تک بڑھی ہے۔