پہلی بار برطانیہ کو پاکستان کی برآمدات 2  ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

مالی سال 21۔2020ء کے اختتام تک پاکستان کی مجموعی برآمدات 18 فیصد اضافے سے 25.3 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں ہیں جو ملکی تاریخ میں بلند ترین شرح ہے

929

اسلام آباد: گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران برطانیہ کو پاکستان کی برآمدات میں پیوستہ مالی سال 2019-20ء کے مقابلے میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وزارت تجارت کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر جون 2021ء کے دوران برطانیہ کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 2 ارب 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک بڑھ گیا، یہ کسی ایک مالی سال کے دوران برطانیہ کو کی جانے والی پاکستانی برآمدات کی اب تک کی بلند ترین شرح ہے۔

جولائی 2019ء سے لے کر جون 2020ء کے دوران برطانیہ کو برآمدات سے ایک ارب 52 کروڑ 60 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

ملکی تاریخ میں پہلی بار آئی ٹی برآمدات 2  ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

چین کو پاکستانی برآمدات 22 فیصد اضافہ سے 2 ارب ڈالر سے متجاوز

ملکی تاریخ میں پہلی بار امریکا کو پاکستانی برآمدات 5 ارب ڈالر سے متجاوز

اس طرح مالی سال 20-2019ء کے مقابلہ میں مالی سال 2020-21ء کے دوران برطانیہ کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 0.499 ارب ڈالر یعنی 33 فیصد کے قریب دوہرے ہندسے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے حکام نے اس حوالہ سے ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ میں بریگزٹ کے مسائل کی وجہ سے کاروباری غیریقینی کی صورت حال کے باوجود قومی برآمدات میں دوہرے ہندسے کا اضافہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کا چوتھا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور برطانیہ کو کی جانے والی برآمدات میں85 فیصد برآمدات میڈ اَپ ٹیکسٹائل مصنوعات، ایریلز، کاٹن اور چمڑے کی مصنوعات پر مشتمل ہوتی ہیں۔

پاکستان بزنس کونسل کے حکام نے کہا کہ پاکستان میں تیار کی جانے والی ٹیکسٹائل اور لیدر مصنوعات کی برطانیہ میں طلب روز بروز بڑھ رہی ہے اور توقع ہے کہ رواں مالی سال کے دوران بھی برآمدات میں اضافہ کا رجحان جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ مالی سال 21۔2020ء کے اختتام تک پاکستان کی مجموعی برآمدات 18 فیصد اضافے سے 25.3 ارب ڈالر تک ریکارڈ کی گئیں ہیں جو ملکی تاریخ میں اَب تک کی سب سے بلند ترین شرح ہے۔ اس سے قبل 2013-14ء میں برآمدات کا حجم 25.1 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جون 2021ء میں ہونے والی قومی برآمدات بھی ماضی کے مقابلے میں ایک ماہ کے دوران ہونے والی سب سے بلند ترین شرح یعنی 2.7 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ اس سے قبل ستمبر 2013ء میں ماہانہ برآمدات 2.6 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں تھیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here