اسلام آباد: کووڈ۔ 19 کی وبا کی وجہ سے بین الاقوامی لاک ڈاﺅنز کے باعث شپنگ آپریشنز اور کارگو ہینڈلنگ کے مسائل کے باوجود گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) پر 25 فیصد زیادہ تجارتی سامان کی ہینڈلنگ کی گئی۔
کے پی ٹی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران کراچی پورٹ ٹرسٹ پر 52.28 ملین ٹن (درآمدی و برآمدی) تجارتی سامان کی ہینڈلنگ کی گی جبکہ مالی سال 20۔2019ء کے دوران 41.84 ملین ٹن تجارتی سامان کی ہینڈلنگ کی گئی تھی۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے دوران کے پی ٹی پر تجارتی سامان کی ہینڈلنگ میں 10.44 ملین ٹن یعنی 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ مالی سال کے دوران ڈرائی کارگو ایکسپورٹس میں 9 فیصد اضافہ ہوا اور خشک برآمدی سامان کی برآمدات مالی سال 2020ء کی 13.97 ملین ٹن برآمدات کے مقابلہ میں مالی سال 2021ء میں 15.27 ملین ٹن تک بڑھ گئیں۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران کے پی ٹی پر (20 فٹ کنٹینرز کے تناسب سے) 22 لاکھ 90 ہزار کنٹینرز کی ہینڈنگ کی گئی ہے جو اب تک کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تاریخ کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔اس سے قبل سالانہ 15 لاکھ سے زائد کنٹینرز کی ہینڈلنگ کی جاتی رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی 60 فیصد تجارتی سرگرمیاں کراچی بندرگاہ کے ذریعے سرانجام پاتی ہیں، سالانہ 65 ملین میٹرک ٹن سے زائد تجارتی سامان اس پورٹ کے ذریعے اندرون و بیرون ملک بھیجا جاتا ہے۔