اسلام آباد: موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز میں گزشتہ مالی سال 2020-21ء کی تیسری سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے دوران 144 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی ادائیگیوں کی سہ ماہی جائزہ رپورٹ (کیو پی ایس آر) کے مطابق جنوری تا مارچ 2021ء کے دران موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تعداد 5 کروڑ 17 لاکھ تک بڑھ گئی جبکہ جنوری تا مارچ 2020ء کے دوران موبائل بینکنگ کے ذریعے 2 کروڑ 12 لاکھ ٹرانزیکشنز کی گئیں تھیں، اس طرح موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز کی تعداد میں تین کروڑ یعنی 144 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کیو پی ایس آر کے مطابق اسی عرصہ کے دوران موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز کی مالیت میں بھی 178 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوری تا مارچ 2020ء کے دوران کی گئی موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز کی مالیت 467.5 ارب روپے رہی تھی تاہم جنوری تا مارچ 2021ء کے دوران موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز کی مالیت 1.3 کھرب روپے تک پہنچ گئی۔
اس طرح مالی سال 2020ء کی تیسری سہ ماہی کے مقابلہ میں مالی سال 2021ء کے اس عرصہ کے دوران موبائل بینکنگ ٹرانزیکشنز کی مالیت میں 832.5 ارب روپے یعنی 178 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔