کراچی: پاکستان کی سٹاک ایکچینج اور کیپٹل مارکیٹ نے گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران بہترین کارگردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کا اعتراف عالمی اداروں کی جانب سے بھی کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے آغاز یعنی یکم جولائی 2020ء کو پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا 100 انڈیکس 34 ہزار 889 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 30 جون 2021ء کو 35.73 فیصد اضافے کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس 47 ہزار 356 پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ مالی سال کے دوران بلوم برگ اور دیگر موقر بین الاقوامی اداروں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایشیا کی پہلی اور دنیا کی چوتھی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی مارکیٹ قرار دیا۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2020-21ء کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن (کمپنیوں کے شئیرز کی روپیہ اور ڈالر میں قدر) میں 26.32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یکم جولائی 2020ء کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا حجم 6.61 کھرب روپے ریکارڈ کیا گیا جو جون کے اختتام پر 8.35 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔
امریکی ڈالر کے لحاظ سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 33.97 فیصد کی شرح سے اضافہ دیکھنے میں آیا، یکم جولائی 2020ء کو سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا حجم 39.33 ارب ڈالر تھا جو جون 2021 کے اختتام پر 52.79 ارب ڈالر ہو گیا۔
اسی طرح گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 49.40 فیصد کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔