اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ مالی سال 2021ء میں امریکا کو پاکستانی برآمدات میں پیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں 39 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سوموار کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مالی سال 2020-21ء کے دوران امریکا کو 5.2 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئیں جو مالی سال 2019-20ء کی 3.7 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں 1.45 ارب ڈالر زیادہ ہیں۔
We are pleased to inform that our exports to the US during FY 2021increased by 39% to $ 5.2 billion as compared to $ 3.7 billion during FY 2020, an increase of around $1.45 billion.This is the first time in our history that our exports to the US have crossed the $5 billion mark.
— Abdul Razak Dawood (@razak_dawood) July 5, 2021
مشیر تجارت نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کسی ایک مالی سال کے دوران پہلی بار امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، اس ضمن میں برآمدکنندگان اور امریکا میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران تحسین کے مستحق ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
سٹیٹ بینک نے برآمدات سے متعلق فارن ایکسچینج مینوئل میں ترامیم کر دیں
رواں سال برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 25.3 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں
رزاق دائود نے برآمدات میں اضافہ کے لیے نیویارک اور ہیوسٹن کے پاکستانی مشنز میں تعینات ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کو پاکستانی برآمدکنندگان کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ امریکا کو برآمدات میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال 21۔2020ء کے اختتام تک پاکستان کی برآمدات 18 فیصد اضافے سے 25.3 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو ملکی تاریخ میں اب تک کی سب سے بلند ترین شرح ہے۔ اس سے قبل 2013-14ء میں قومی برآمدات 25.1 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں تھیں۔
جون 2021ء میں ہونے والی برآمدات بھی ماضی کے مقابلے میں ایک ماہ کے دوران ہونے والی سب سے بلند ترین شرح یعنی 2.7 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اس سے قبل ستمبر 2013ء میں ماہانہ برآمدات 2.6 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں تھیں۔
رواں سال خدمات کی برآمدات 5.9 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے، مالی سال 2021ء کے دوران سازوسامان اور خدمات کی مجموعی برآمدات 31 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کر جائیں گی۔