وبا سے عالمی سیاحت کو 40 کھرب ڈالر نقصان کا خدشہ

سال 2020ء میں سیاحتی شعبے کو 24 کھرب ڈالر نقصان ہوا، 17 کھرب سے 24 کھرب ڈالر مزید نقصان کا خدشہ ہے، وبا سے قبل کی سطح پر بحالی کیلئے 2023ء کا انتظار کرنا ہو گا: رپورٹ

202

پیرس:  اقوام متحدہ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں سیاحت کو 40 کھرب ڈالر نقصان کا خدشہ ہے، صرف 2020ء کے دوران اس صنعت کو نقصان کا حجم 24 کھرب ڈالر رہا جبکہ رواں سال بھی اس شعبہ کی آمدنی میں کمی کا اندیشہ ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن (یو این ڈبلیو ٹی او) اور کانفرنس آن ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ (یو این سی ٹی اے ڈی) نے بدھ کو جاری کردہ ایک مشترکہ رپورٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس اور اس کے نتیجے میں لاک ڈاﺅن کی صورت حال سے دنیا بھر میں دیگر شعبوں کی طرح سیاحتی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب تک وبا سے چھٹکارا نہیں ملتا، شعبہ سیاحت کو 40 کھرب ڈالر نقصان کا اندیشہ ہے۔ کورونا وائرس سے عالمی سیاحت کے متاثر ہونے سے صرف سال 2020ء کے دوران 24 کھرب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، رواں برس بھی یہ سلسلہ کم پیمانے پر جاری رہے گا۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا ویکسی نیشن کی شرح میں کمی بھی سیاحتی شعبے کی بحالی میں رکاوٹ ہے، بعض ملک ابھی تک صرف ایک فیصد آبادی کو ویکسین لگا سکے ہیں، اس کے علاوہ تمام ملکوں کو ویکسین کی یکساں فراہمی بھی نہیں کی جا رہی۔

یو این ڈبلیو ٹی او کے سیکرٹری جنرل زراب پولو لیکاشویلی کا کہنا تھا کہ شعبہ سیاحت کروڑوں افراد کی آمدنی کا ذریعہ ہے، لوگوں کی زندگی کے تحفظ اور سیاحت کی محفوظ انداز میں بحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ویکسی نیشن کی شرح بڑھانا ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ کئی ترقی پذیر ممالک کا معاشی انحصار بین الاقوامی سیاحت پر ہے۔ کورونا وائرس سے ہوا بازی کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور غیر ضروری سفر پر پابندی عائد کر دی گئی جس نے سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی کر دی۔

یو این ڈبلیو ٹی او کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کا عمل تیز ہونے سے شعبہ سیاحت کی جلد بحالی کا امکان ہے تاہم تمام اقدامات کے باوجود بین الاقوامی سیاحت کو وبا سے قبل کی سطح پر پہنچنے کیلئے 2023ء تک انتظار کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یو این سی ٹی اے ڈی کی پیش گوئی کے مطابق رواں سال بھی سیاحت کے شعبے کی نمو 2019ء کے مقابلے میں 63 سے 75 فیصد کم رہے گی جس سے  17 کھرب سے 24 کھرب ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here