واشنگٹن: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے سوڈان کے لیے 2.5 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔ اس طرح مفلوک الحال افریقی ملک کی عالمی بینک کے ساتھ 50 ارب ڈالر کے قرض کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ایم ایف نے 101 ڈونر ممالک کے ساتھ معاہدے کے نتیجے میں سوڈان کے لیے قرض کی منظوری دی ہے، اڑھائی ارب ڈالر میں 1.4 ارب ڈالر آئی ایم ایف کے ہی واجبات کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔
اس حوالے سے آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا اور عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے مشترکہ بیان میں سوڈان کو یہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارک باد دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے واجبات کی ادائیگی فیصلہ کن اقدام ہے، اس سے سوڈان کو ہیوی ان ڈبٹڈ پوور کنٹریز (ایچ آئی پی سی) انیشی ایٹو کے تحت 50 ارب ڈالر کے پروگرام تک رسائی میں مدد ملے گی، یہ رقم اس کے کل قرضوں کا 90 فیصد ہو گی۔