پی ٹی اے کا موبائل نیٹ ورکس کے معیار کا جائزہ لینے کیلئے کوالٹی آف سروس بینچ مارکنگ ٹیسٹ

592

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جدید ترین نیٹ ورک پرفارمنس سکور (این پی ایس) کے مطابق موبائل نیٹ ورکس کا معیار جانچنے کے لئے مختلف شہروں، قصبات اور شاہراہوں پر فروری  سے مارچ 2021ء کے دوران کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) بینچ مارکنگ ٹیسٹ کیا گیا۔

اس ٹیسٹ کے دوران مجموعی طور پر 10 شہروں، چار قصبات اور 18 موٹر ویز، شاہراہوں اور سڑکوں کا سروے کیا گیا اور فور جی ڈیوائسز کے ساتھ نیٹ ورک کی جانچ کرتے ہوئے تقریباََ دو ہزار 600 وائس کالز اور 26 ہزار ڈیٹا ٹیسٹ کئے گئے۔ ٹیسٹ شہروں، قصبوں اور شاہراہوں کے تقریباََ تین ہزار 570 کلو میٹر علاقے پر مشتمل تھا۔

این پی ایس سکورنگ کے حوالے سے ایک مربوط اور منظم طریقہ کار ہے جس سے ٹیلی کام ریگولیٹر بین الاقوامی معیار پر مبنی کے پی آئی (key performance indicator) کے ذریعے تمام موبائل نیٹ ورکس کے معیار کا موازنہ اور جائزہ لے سکتا ہے۔

اسی بینچ مارکنگ طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے پی ٹی اے نے ہر موبائل نیٹ ورک کی کارکردگی کے بارے میں قابل قدر معلومات حاصل کیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سروے کی عوامی سطح پر دستیابی کے ذریعے ٹیلی کام آپریٹرز میں مقابلے کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنے موجودہ ڈھانچے کو بہتر بنائیں اور ملک بھر میں موبائل سروس کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔

پاکستان کے ایل ٹی ای نیٹ ورکس کی بین الاقوامی سطح پر اپنائے جانے والے معیارات سے مطابقت مستقبل میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے رول آئوٹ کی بنیاد ثابت ہو گی۔ پی ٹی اے وائس، ڈیٹا اور ایس ایم ایس سروسز کے لئے کے پی آئی کے تحت موبائل فون آپریٹرز کے نیٹ ورک کے معیار اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے وقتاََ فوقتاََ ملک بھر میں موبائل کیو او ایس سروے بھی کرتا ہے۔

اس حوالے سے صارفین کی آگاہی کے لئے نتائج پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر شائع کیے جاتے ہیں، اس کے علاوہ متعلقہ آپریٹرز کو سروس کی بہتری کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے بھی کہا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here