11 ماہ میں پام آئل اور سویا بین آئل کی درآمد پر 12 ارب روپے سے زائد خرچ

جولائی 2020ء سے مئی 2021ء تک کی مدت میں پام آئل کی درآمد میں 40.61 فیصد اور سویابین آئل کی درآمد میں 54.30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، شماریات بیورو

650

اسلام آباد: رواں مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ میں پام آئل اور سویا بین آئل کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 40.61 فیصد اور 54.30 فیصدکااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان ادارہ برائے شماریات (پی بی ایس) کے مطابق جولائی 2020ء سے لیکر مئی 2021ء تک کی مدت میں پام آئل کی درآمدات پر 23 لاکھ 97 ہزار ڈالر (37 کروڑ 86 لاکھ 33 ہزار 475 روپے) کا زرمبادلہ صرف ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پام آئل کی درآمدات پر 17 لاکھ 40 ہزار ڈالر (26 کروڑ 91 لاکھ 66 ہزار 225 روپے) خرچ ہوئے تھے۔

جاری مالی سال میں 29 لاکھ 57 ہزار 210 میٹرک ٹن پام آئل درآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 27 لاکھ 52 ہزار 872 میٹرک ٹن پام آئل درآمد کیا گیا تھا۔ مقدار کے لحاظ سے پام آئل کی درآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 7.42 فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح جاری مالی سال میں سویا بین آئل کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 54.30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جاری مالی سال میں سویا بین آئل کی درآمد پر 7 کروڑ 16 لاکھ ڈالر (11 ارب 31 کروڑ روپے) کا زرمبادلہ صرف ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سویابین آئل کی درآمد پر 4 کروڑ 64 لاکھ ڈالر (7 ارب 32 کروڑ 94 لاکھ روپے) خرچ ہوئے تھے۔

مقدار کے لحاظ سے جاری مالی کے دوران سویا بین آئل کی درآمدات میں 40.39 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ میں 6 لاکھ 7 ہزار 595 میٹرک ٹن سویابین آئل درآمد کیا گیا تھا جبکہ رواں مالی سال 94 ہزار 826 میٹرک ٹن سویابین آئل درآمد کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here