پاکستان کو سمندری خوراک کی برآمدات سے 60 ارب روپے سے زائد زرمبادلہ حاصل

632

اسلام آباد: پاکستان سے سمندری خوراک کی برآمدات میں رواں مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 2.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کی مدت میں سمندری خوراک کی برآمدات سے ملک کو 38 کروڑ 30 لاکھ 80 ہزار ڈالر (60 ارب 51 کروڑ 18 لاکھ 53 ہزار روپے) کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔

پی بی ایس کے مطابق یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے مقابلہ میں 2.6 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال جولائی 2019ء سے مئی 2020ء تک کی مدت میں سمندری خوراک کی برآمدات سے ملک کو 37 کروڑ 33 لاکھ 80 ہزار ڈالر (58 ارب 97 کروڑ 96 لاکھ 27 ہزار) کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

بالحاظ وزن رواں مالی سال میں ایک لاکھ 71 ہزار 206 میٹرک ٹن سی فوڈ کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایک لاکھ 61 ہزار 80 میٹرک ٹن سی فوڈ کی برآمدات ہوئی تھیں۔ مقدار کے لحاظ سے سی فوڈ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 6.29 فیصد اضافہ ہوا۔

مئی میں سی فوڈ کی برآمدات میں گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 35.52 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مئی 2021ء میں سی فوڈ کی برآمدات سے ملک کو دو کروڑ 83 لاکھ 80 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ سال مئی میں سی فوڈز کی برآمدات سے ملک کو تین کروڑ 10 لاکھ 90 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here