لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی حکومت نے کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کی پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پالیسی کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دینے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں، پالیسی کے ذریعے چین کے سرمایہ کاروں کو کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لئے پنجاب میں اراضی دی جا سکے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے شرکت کی، اجلاس میں کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لئے پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ بزدار نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی کے لئے جدید خطوط پر منفرد انداز میں کام کریں گے، زرعی شعبے کی خوش حالی سے صوبے کی معیشت مضبوط ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ بیج کے اعلیٰ معیار کیلئے تحیق پر توجہ دی جائے گی، غذائی تحفظ کے لئے کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زون میں چین کے سرمایہ کاروں کے لئے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ میں بھی چینی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک سے خطے میں معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں، سی پیک گیم چینجر اور پاکستان کی ترقی و خوش حالی کا ضامن ہے۔
اجلاس میں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری زراعت، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔