اسلام آباد: پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری کا حجم رواں مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ کے دوران 72 کروڑ 79 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی 2020ء سے لے کر مئی 2021ء تک کے دوران پاکستان میں چین کی مجموعی سرمایہ کاری 72 کروڑ 79 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 15.78 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے 11 ماہ کے دوران پاکستان میں چین کی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 84 کرور 28 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
رواں مالی سال میں پاکستان میں چین کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم منفی تین لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں بھی چین کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم منفی تین لاکھ ڈالر رہا تھا۔
مئی 2021ء میں پاکستان میں چین کی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم ایک کروڑ 99 لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم 7 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔