‘پاکستان کا 3.7 ارب ڈالر کا قرض رواں سال کے آخر تک معطل’

وفاقی کابینہ نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارت خانے سے دو افسران کو واپس بلانے کی منظوری سمیت کئی اہم فیصلوں کی منظوری دے دی

1170

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جی 20 گروپ نے پاکستان کا 3.7 ارب ڈالر کا قرض رواں سال کے آخر تک معطل کر دیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جی 20 کی جانب سے پاکستان کا 3.7 ارب ڈالر کا قرض رواں سال کے آخر تک معطل کیا جانا معیشت کے لئے اچھی خبر ہے، قرض کی یہ رقم ہم نے فوری ادا کرنا تھی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے گفتگو ہوئی، گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن سے ملاقات میں ہم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ڈیمو کی بات کی تھی، اس ہفتے الیکشن کمیشن کو اس کا ڈیمو پیش کیا گیا ہے، اس میں الیکشن کمیشن نے کچھ سوالات کیے جن کا ماہرین نے جواب دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس اور کامسٹیس یونیورسٹی کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی پروٹو ٹائپ تیاری کا عمل جاری ہے۔ یہ ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن کے 36 نکاتی ایجنڈے کے مطابق تیار کی گئی ہے، خواہش ہے کہ آئندہ ضمنی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال ہو۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا سسٹم کے آڈٹ کے حوالے سے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی رپورٹ پیش کی جا چکی ہے۔ وزارت پارلیمانی امور نے وزیراعظم کو بتایا ہے کہ الیکشن اصلاحات بل 11 جون 2021ء کو  قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اسی طرح الیکٹرانک ووٹنگ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے حوالے سے آرڈیننس بھی قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے، اس کے ساتھ ساتھ ہم اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ای ووٹنگ لا رہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی ملکی سیاست کا لازمی جزو ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ ان کو یہ حق ملنا چاہئے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی اور اندرون سندھ کے حالات سب کے سامنے ہیں، وفاق سے جو پیسہ سندھ جا رہا ہے، اس کی منظم طریقے سے دبئی، کینیڈا، برطانیہ، فرانس میں لانڈرنگ کی جاتی ہے، یہ پاکستان کے عوام کا پیسہ ہے، اس کے بارے میں جاننا عوام کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کیلئے تھرڈ پارٹی ایولیوایشن میکنزم تشکیل دیا جائے گا، یہ میکنزم وفاق اور چاروں صوبوں میں ہو گا، صوبائی ادارے جو وفاق کے پیسے سے منصوبے لگا رہے ہیں، ان پر بھی تھرڈ پارٹی میکنزم لوگو ہو گا تاکہ عوام کو بتایا جا سکے کہ یہ سارا پیسہ کہاں جا رہا ہے اور اس میں شفافیت لائی جا سکے۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے لاہور والٹن ائیرپورٹ کے مقام پر سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام کے حوالے سے حاصل ہونے والی آمدنی کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کے مطابق آمدنی کا 42.6 فیصد سول ایوی ایشن جبکہ 57.4 فیصد پنجاب حکومت کو ملے گا کیونکہ مذکورہ زمین 52 ایکڑ سول ایویشن جبکہ 70 ایکڑ حکومت پنجاب کی ملکیت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے فضائی کمپنی اے ایچ ایس ائیر انٹرنیشنل کے چارٹر لائسنس کلاس ٹو کو 17 اگست 2016ء سے ریگولرائز کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس لائسنس میں مزید توسیع مروجہ پالیسی کے مطابق وزارت ہوا بازی کی جانب سے کی جائے گی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے عزیز نشتر، ثاقب ہمدانی اور قاصف شاہد کو پاکستان پوسٹل سروسز منیجمنٹ بورڈ میں بطور پرائیویٹ ممبرز تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ بریگیڈئیر نعمان احمد کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ میں بطور ممبر پراجیکٹ پلاننگ تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے کارلٹن ہوٹل کراچی کی 2.07 ایکڑ اراضی پر اپارٹمنٹس کی تعمیر کا معاملہ موخر کر دیا۔ اسی طرح کراچی میں واقع پاکستان کوارٹرز کی اراضی کا معاملہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں حل کرنے کے حوالے سے وزارت ہائوسنگ کی تجویز پر مزید غور کرنے کی ہدایت کی۔ پاکستان کوسٹ گارڈز فائونڈیشن کے قیام پر فیصلہ بھی موخر کر دیا گیا ہے۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے این ڈی ایم اے کو سٹرام واٹر ڈرین پراجیکٹ منصوبے پر عمل درآمد کرنے کی منظوری دی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور تکامل سعودی عرب کے درمیان سروس ایگریمنٹ کی منظوری دی۔ کابینہ نے ریپ اور گھریلو تشدد کے جرم میں ناروے حکومت کی جانب سے سزا یافتہ مجرم محمد اویس کو ناروے حکومت اور مجرم کی خود اپنی درخواست کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ناروے حکومت کے حوالے کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔

وفاقی کابینہ نے غیر ملکی پنجابی فلموں کی درآمد کا معاملہ مزید غور کے لئے موخر کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ این سی او سی سے بات ہوئی ہے، سینما گھر 30 جون تک کھولنے کی تجویز ہے، اس بارے میں فیصلہ این سی او سی کرے گی۔

کابینہ نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی سفارت خانے سے دو افسران کو واپس بلانے کی بھی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی تمام سفارت خانے اپنی کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنے کے پابند ہوں گے اور جس سفارت خانے کے افسر کے بارے میں شکایت آئے گی تو اسے واپس بلا لیا جائے گا، کابینہ نے سات ملکوں میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کے عہدوں پر افسران کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے لائحہ عمل میں ترمیم کی تجویز پر غور کرتے ہوئے کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے عمل کو آسان بنایا جائے اور بروقت مالی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ کابینہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی مانیٹرنگ کے موثر نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ وفاق اور صوبائی سطح پر ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور معیاری کام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 2 جون اور 9 جون 2021ء کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ کابینہ نے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز اچیومنٹ پروگرام کے تحت کانوینٹ سکول بہاولپور کو ایک کروڑ کی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here