وفاقی کابینہ نے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021ء کی منظوری دے دی

کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کے بعد ریٹنگ 100 فیصد شفاف ہو گی، سبسکرپشن ماڈل شروع ہو گا، فور کے سگنل کو بھی یقینی بنایا جائے گا، فواد چوہدری

945

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021ء کی اصولی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021ء کی اصولی منظوری دی گئی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد نے کہا کہ کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ سب سے بڑا پالیسی فیصلہ ہے، اس وقت ہمارے گھروں میں اینالاگ کیبل آ رہی ہے، اس کی کوالٹی نہ ہونے کے برابر ہے اور اس کے چینلز کی تعداد بھی محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ کیبل کی وجہ سے ریٹنگ کے حوالے سے بھی مسائل ہیں، کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کے بعد ریٹنگ 100 فیصد شفاف ہو گی۔ اس وقت چینلز کی تعداد 143 کے قریب ہے لیکن ڈیجیٹلائز ہونے کے بعد چینلز کی تعداد 950 تک پہنچ جائے گی، اس سے سبسکرپشن ماڈل بھی شروع ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ بہت سے انگریزی چینلز سبسکرپشن کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں موجودہ ٹی وی چینلز کو نئے چینلز چلانے کے لئے سبسکرپشن کی سہولت بھی ملے گی۔ ڈیجیٹل کیبل میں فور کے سگنل کو بھی یقینی بنایا جائے گا جس کا فائدہ کیبل آپریٹرز کو ہوگا کہ وہ براہ راست مواد خرید سکیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے غیرملکی پنجابی فلموں کی درآمد کا معاملہ مزید غور کے لئے موخر کر دیا ہے۔ اس حوالے سے این سی او سی سے بات ہوئی ہے، سینما گھر 30 جون تک کھولنے کی تجویز ہے، اس بارے میں فیصلہ این سی او سی کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here