ریاض: سعودی عرب کے محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ 2020ء میں سعودی شہریوں نے داخلی سیاحت پر 43.3 ارب ریال خرچ کیے ہیں۔
سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق محکمہ شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 2020ء کے وسط میں سعودی عرب کی کل آبادی کا تخمینہ 35 ملین لگایا گیا جس میں سعودی اور مقیم غیرملکی دونوں شامل ہیں۔
2019ء کے دوران سعودی شہریوں کی تعداد 21.1 ملین تھی جو کل آبادی کا 61.7 فیصد ہے، جہاں تک غیرملکیوں کی تعداد کا تعلق ہے تو وہ 13.1 ملین ہیں جو کل آبادی کا 38.3 فیصد بنتا ہے۔
عالمی وبا کی وجہ سے گزشتہ سال سعودی شہریوں نے داخلی سیاحت پر گزشتہ چھ برسوں کے مقابلے میں کافی کم خرچ کیا۔ انہوں نے 2014ء میں 43 ارب ریال، 2015ء میں 48.4 ارب ریال، 2016ء میں 55.5، 2017ء میں 46.1 ارب ریال، 2018ء میں 48.1 ارب ریال خرچ کیے تھے۔
سعودی شہریوں نے داخلی سیاحت کے تحت اندرون ملک چھٹیاں گزاریں اور اس پر 23.19 ارب ریال خرچ کیے جبکہ رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقاتوں کے پروگراموں پر 11.07 ارب ریال اور دینی اور مذہبی سرگرمیوں پر 5.46 ارب ریال خرچ کیے۔
سعودی شہریوں نے 2020ء کے دوران 42.1 ملین سیاحتی ٹور کیے جبکہ 2019ء میں سیاحتی ٹورز کی تعداد 47.8 ملین تھی۔ سال 2020 میں اس میں 11.9 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔