دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایمریٹس ایئر لائن نے موسم گرما کے لیے سفری خدمات کا شیڈول متعارف کروایا ہے جس کے مطابق رواں ماہ بحرین کے لیے ڈبل ڈیکر اے 380 پروازیں چلائی جائیں گی۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن کی ایئربس ایک مہینے کے لیے دبئی سے بحرین کا روٹ استعمال کرے گی۔
اس جہاز میں کل 507 نشستیں ہیں جنہیں تین مختلف کلاسز میں تقسیم کیا گیا ہے، اکانومی کلاس کیلئے 417 سیٹیں مختص ہیں، 76 فلیٹ بیڈ سیٹس ہیں جو بزنس کلاس میں آتی ہیں اور 14 فرسٹ کلاس سویٹس بنائے گئے ہیں۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تبدیلی موسم گرما کے دوران بحرین کے لیے بڑھ جانے والی سفر کی طلب سے نمٹنے میں مدد دے گا، اسی طرح ایئرلائن کی جانب سے بحرینی باشندوں کے لیے دبئی، استنبول اور مالدیپ کے سفر کے لیے نئے کرائے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
بحرین نے سیاحوں کے لیے اپنی سرحدیں کھول دی ہیں اور امارات سے جانے والے سیاح بغیر قرنطینہ کے وہاں جا سکتے ہیں۔