ایس ایم ایز سیکٹر کی معاونت کیلئے لاہور چیمبر اور موبی لنک مائیکروفنانس بینک میں معاہدہ

پاکستان میں 52 لاکھ سے زائد سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کام کر رہے ہیں جن کا جی ڈی پی میں حصہ 40 فیصد ہے لیکن نجی شعبہ کے قرضوں کا صرف 7 فیصد ایس ایم ایز کو ملتا ہے، صدر لاہور چیمبر

594

لاہور: لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) اور موبی لنک مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ نے لاہور چیمبر کی رکن کمپنیوں بالخصوص سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای) سیکٹر کی فنانسنگ سپورٹ اور بینکاری خدمات کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جبکہ لاہور چیمبر میں ایک ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا۔

صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح اور چیف ایگزیکٹو آفیسر موبی لنک مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ غضنفر عظام نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر غضنفرعظام نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے دور رَس نتائج برآمد ہوں گے اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی ترقی میں مدد ملے گی جن کا معاشی ترقی میں کردار بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ موبی لنک مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ ڈیجیٹل بینکنگ سروسز مہیا کرنے والا بڑا ادارہ ہے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی وسیع پیمانے پر مالی معاونت کر رہا ہے۔

صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح نے کہا کہ فنانسنگ تک خاطر خواہ رسائی حاصل نہ ہونا ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں 52 لاکھ سے زائد ایس ایم ایز ہیں جن کا جی ڈی پی میں حصہ 40 فیصد کے آس پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ کو دئیے جانے والے قرضوں کا صرف 7 فیصد ایس ایم ایز کو ملتا ہے۔ امید ہے موبی لنک مائیکروفنانس بینک جدت پسند انٹرپرینیورز کو خصوصی طور پر مالی معاونت فراہم کرے گا۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر حمید خان نے کہا کہ لاہور چیمبر مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ کے ساتھ اشتراک کا خیر مقدم کرتا ہے، اس سے لاہور چیمبر کی ممبر کمپنیوں کو بہت فائدہ ہو گا اور وہ ایک بڑے ڈیجیٹل بینک سے مالی خدمات حاصل کر سکیں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here