اسلام آباد: پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (پی آئی بیز) میں رواں مالی سال 2020-21ء کے دوران سب سے زیادہ سرمایہ کاری امریکہ سے کی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 25 کروڑ 56 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
ایس بی پی کے اعدادوشمار کے مطابق اس دوران 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ امریکہ سرفہرست ہے جبکہ 9 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کے ساتھ جرمنی کا دوسرا نمبر ہے۔
اسی طرح پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں فلپائن کے سرمایہ کار بھی نمایاں ہیں جنہوں نے اب تک رواں مالی سال کے دوران پی آئی بیز میں دو کروڑ 14 لاکھ ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی ہے۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے واپڈا گرین بانڈز نے بھی تین ارب ڈالر سے زیادہ کی غیرملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کیا ہے جو پاکستانی معیشت کے حوالہ سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہے۔