اسلام آباد: گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال اپریل کے دوران گھروں کی تعمیر کے لئے قرضوں کی فراہمی میں 9.5 ارب روپے جبکہ ذاتی قرضوں (پرسنل لونز) میں 35 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران گھروں کی تعمیر کے لئے فراہم کردہ قرضوں کا حجم 86 ارب روپے رہا تھا تاہم اپریل 2021ء کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے گھروں کی تعمیر کے لئے جاری کردہ قرضوں کا حجم 95.5 ارب روپے تک بڑھ گیا۔
اس طرح اپریل 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2021ء کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے گھروں کی تعمیر کے لئے فراہم کردہ قرضوں کے حجم میں ساڑھے 9 ارب روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: گاڑیاں خریدنے کے رجحان میں اضافہ، اپریل میں آٹو فنانسنگ کیلئے 293 ارب کے قرضے جاری
ایس بی پی کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران ذاتی قرضوں (پرسنل لونز) کے تحت بینکوں کے جاری کردہ قرضوں کا حجم 195 ارب روپے رہا تھا تاہم اپریل 2021ء کے دوران اس مد میں 230 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے۔
اس طرح اپریل 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2021ء کے دوران ذاتی قرضوں کے اجراء میں 35 ارب روپے نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سٹیٹ بینک کے مطابق بینکوں کی جانب سے کریڈٹ کارڈز کے ذریعے قرضوں کی فراہمی اپریل 2021ء کے دوران 53 ارب روپے تک بڑھ گئی جبکہ اپریل 2020ء میں بینکوں نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے 42 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے تھے۔
اس طرح اپریل 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2021ء کے دوران بینکوں کی جانب سے جاری کردہ کریڈٹ کارڈز کے ذریعے قرضوں کی فراہمی میں 11 ارب روپے یعنی 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔