’ویکسین کی وافر دستیابی سے عالمی معیشت میں 9 کھرب ڈالر کا اضافہ ممکن‘

وبا پر قابو پانے کے نتیجہ میں عالمی معیشت میں ہونے والے 9 کھرب ڈالر اضافہ میں سے 60 فیصد ترقی پذیر جبکہ 40 فیصد ترقی یافتہ ملکوں کو فائدہ ہو گا، آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا کا بلوم برگ کو انٹرویو

646

اسلام آباد: کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے والی ویکسین کی دستیابی میں اضافہ سے 2025 تک بین الاقوامی معیشت میں 9 کھرب ڈالر کا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے عالمی جریدے ’بلوم برگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے تحفظ کی ویکسین کی فراہمی کے حوالہ سے عالمی برادری کے مربوط اقدامات کے نتیجہ میں سال 2025ء تک بین الاقوامی معیشت میں 9 کھرب ڈالر اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے اقدامات کے نتیجہ میں ویکسین کی دستیابی کی صورت حال میں بہتری ہوئی ہے تاہم اس سلسلہ میں ترقی یافتہ اور امیر ممالک کے ساتھ ساتھ اداروں اور صاحب ثروت افراد کی جانب سے فنڈز کی فراہمی میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے۔

آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے نتیجہ میں عالمی معیشت میں ہونے والے 9 کھرب ڈالر اضافہ میں سے 60 فیصد ترقی پذیر جبکہ 40 فیصد ترقی یافتہ ملکوں کو فائدہ ہو گا۔

دوسری جانب آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (او ای سی ڈی) نے کہا ہے کہ رواں سال عالمی جی ڈی پی کی شرح نمو 5.8  فیصد اور آئندہ سال 4.4 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

38 ملکوں پر مشتمل اس تنظیم کی تازہ ترین عالمی اقتصادی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2021ء کے دوران عالمی جی ڈی پی کی شرح نمو 5.8 فیصد رہنے کی توقع ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو بیشتر ممالک کی اقتصادی شرح نمو 2022ء کے آخر تک کورونا وائرس سے قبل کی سطح پر پہنچ سکے گی تاہم اس کی رفتار وبا سے قبل کی سطح پر نہیں ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک کی اقتصادی شرح نمو 2021ء میں 5.25 فیصد تک بڑھے گی جبکہ 2022ء میں اس کی شرح 3.75 فیصد تک کم ہو گی۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ چین کی معیشت کی ترقی کووڈ-19 سے قبل کے مقابلے میں بہتر ہے، رواں سال چینی معیشت کی شرح اضافہ 8.5  فیصد جبکہ 2022ء میں 5.8 فیصد تک رہے گا جو عالمی اقتصادی شرح نمو سے زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here