دس ماہ میں 1.68ارب ڈالر کے سمارٹ فون درآمد

416

لاہور: اپریل 2021ء میں مشینری گروپ کا درآمدی بل ماہانہ لحاظ سے 24 فیصد کم ہو کر 793 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں مذکورہ درآمدی بل میں 62 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق قدر کے اعتبار سے مشینری گروپ کے درآمدی بل کا زیادہ تر حصہ ٹیلی کام سے منسلک تھا جو اپریل 2021 کے دوران سالانہ لحاظ سے 36.4 فیصد کمی سے 193 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے بعد ماہانہ اعتبار سے الیکٹریکل مشینری اور اپریٹس کی درآمدات 176 ملین ڈالر رہیں جس میں ماہانہ 2.7 فیصد کمی آئی اور زیرِ جائزہ مدت میں پاور جنریٹنگ مشینری کا درآمدی بل 82 ملین ڈالر رہا۔

ٹیلی کام میں آنے والے موبائل فونز کی درآمدات ماہانہ 34 فیصد نمایاں طور پر کم ہوئیں اور اس عرصے کے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 148 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

جولائی تا اپریل 2021 کے دوران مشینری گروپ کی درآمدات سالانہ 11 فیصد بڑھوتری سے 7.93 ارب ڈالر رہیں۔ قدر کے اعتبار سے درآمدی بل میں سب سے زیادہ حصہ ٹیلی کام سیکٹر کا رہا جو نمایاں طور پر 48 فیصد اضافہ سے 2.12 ارب ڈالر رہا۔

مالی سال 2021 کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران ٹیلی کام سیکٹر میں موبائل فونز کی درآمدات کا حجم سالانہ 64 فیصد اضافے سے 1.68 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here