بالاکوٹ ہائیڈل پاور پروجیکٹ، ایشیائی ترقیاتی بینک 46 ارب روپے فراہم کرے گا

300 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل بالاکوٹ پن بجلی منصوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہار پر تعمیر کیا جائے گا

577

اسلام آباد: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان بالاکوٹ پن بجلی منصوبے کیلئے قرض معاہدے پر دستخط کئے گئے۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک بالاکوٹ میں پن بجلی منصوبے کیلئے 30 کروڑ ڈالر (46 ارب دو کروڑ روپے) قرض فراہم کرے گا۔

معاہدے پر سیکریٹری وزارت اقتصادی امور نور احمد اور اے ڈی بی کے ایکٹنگ کنٹری ڈائریکٹر کلو کاواواکی نے دستخط کیے، وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی نے بھی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شركت کی۔

یہ بھی پڑھیے: 

2027ء تک 3428 میگاواٹ پن بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو گی

2029ء تک پاکستان آبی وسائل کے 8 بڑے منصوبے مکمل کر لے گا: رپورٹ

بالا کوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے 85 ارب روپے کے معاہدہ پر دستخط

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان کا اس حوالے سے کہنا ہے بالا کوٹ پن بجلی منصوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں دریائے کنہار پر تعمیر کیا جائے گا جس کی بجلی پیدا کرنے کی استعداد 300 میگا واٹ ہو گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ناصرف ملک کی پن بجلی کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا بلکہ ماحول دوست اور سستی توانائی کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ تعمیر کے دوران 1200 سے زیادہ افراد کو ملازمت فراہم کرے گا، یہ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت صاف اور قابل تجدید توانائی کے پختہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ 30 مارچ 2021ء کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی انتظامیہ نے بالاکوٹ ہائیڈل پاور پروجیکٹ کیلئے پاکستان کو 30 کروڑ ڈالر قرض فراہمی کی منظوری دی تھی، پاکستان کی جانب سے اس منصوبہ میں ساڑھے 17 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری جائے گی جبکہ حکومت نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 28 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی درخواست بھی کی ہے۔

اس سے قبل مارچ 2021ء میں خیبرپختونخوا حکومت نے 300 میگاواٹ کے بالاکوٹ ہائیڈروپاور پروجیکٹ کی تعمیر کیلئے چینی کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے تھے جو اس منصوبے کو چھ سال کی مدت میں مکمل کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here