خیبرپختونخوا: سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ’انویسمنٹ پروموشن سٹریٹیجی‘ متعارف

چند سال پہلے دہشتگردی کا شکار صوبہ آج پورے ملک کو ترقی کا پیغام دے رہا ہے، صوبائی وزیر خزاہنہ تیمور سلیم جھگڑا

569

پشاور: خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پانچ سالہ انویسمنٹ پروموشن سٹریٹیجی متعارف کرائی گئی ہے۔

انویسمنٹ پروموشن سٹریٹیجی 2021-25ء کی افتتاحی تقریب محکمہ خزانہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان تھے۔

اجلاس کے دوران صوبے میں سرمایہ کاری، کاروباری اور صنعتی ترقی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں، انویسمنٹ پروموشن سٹریٹیجی سے صوبے میں مزید سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سٹریٹیجک انویسمنٹ پالیسی سے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، صوبے میں نجی شعبے کیلئے سرمایہ کاری کی راہ مزید آسان کر رہے ہیں جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبے میں صنعتی ترقی کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں، سرمایہ کاروں کے لیے انویسمنٹ منیجمنٹ سسٹم اور وَن ونڈو آپریشن شروع کر دیا ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ دس پندرہ سال پہلے دہشتگردی کا شکار صوبہ آج پورے ملک کو ترقی کا پیغام دے رہا ہے۔ عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات سالوں میں خیبرپختونخوا میں تمام صوبوں سے زیادہ انسانی ترقی ہوئی جو ایک اعلیٰ مثال ہے۔ خیبرپختونخوا کے شہریوں میں محنت اور مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ موجود ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 7 بڑے اور 9 چھوٹے صنعتی زون بنا رہے ہیں۔ انویسمنٹ پروموشن سٹریٹیجی کے ذریعے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری میں آسانی ہو گی۔

اس موقع پر بورڈ آف انویسمنٹ اینڈ ٹریڈ کے پارٹنر اداروں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا اور انویسمنٹ پروموشن سٹریٹیجی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here