کیلیفورنیا: کورونا وائرس کی وباء کے دوران جہاں دنیا بھر کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا وہاں آئی ٹی اور خاص طور پر ای کامرس کمپنیوں کے منافع میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہوا۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کی مختلف ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مقابلے میں ایپل اور فیس بک نے رواں سال کے صرف پہلے تین مہینوں (جنوری تا مارچ) کے دوران بے حد منافع کمایا۔
جنوری سے لے کر مارچ تک کی مدت میں آئی فون سمیت دیگر سمارٹ مصنوعات بنانے والی ایپل نے 23 ارب 60 کروڑ ڈالر سے زائد منافع کمایا جبکہ سماجی رابطے کی ویپ سائٹ فیس بک کو 9 ارب 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ منافع حاصل ہوا۔
انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کی پیرنٹ کمپنی ایلفابیٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 2020ء کے ابتدائی تین مہینوں کے دوران ان کا منافع چھ کروڑ 80 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ رواں سال جنوری تا مارچ 2021ء کے دوران ایلفابیٹ کا منافع 17 ارب 90 کروڑ ڈالر رہا۔
ایپل کمپنی کو آئی فون 12 اور دیگر مصنوعات کی فروخت سے منافع بڑھانے میں مدد ملی کیونکہ ورک فرام ہوم کی وجہ سے سمارٹ فونز، لیپ ٹاپس، کمپیوٹرز اور اس سے متعلقہ دیگر ڈیوائسز کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔
اسی طرح فیس بک اور یو ٹیوب نے ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ سے خوب منافع کمایا جو کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران لوگوں کے انٹرنیٹ کے بڑھتے استعمال کی عکاسی ہے۔