اپریل میں دو ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

ایک ماہ میں آئی ٹی سیکٹر میں سب سے زیادہ 194، ٹریڈنگ سیکٹر 180، کنسٹرکشن سیکٹر 117، امپورٹ ایکسپورٹ سیکٹر 115 اور کنسلٹنسی سروسز سیکٹر کی 110 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں

657

اسلام آباد: اپریل 2021ء کے دوران سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 186 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس حوالے سے ایس ای سی پی کے چیئرمین عامر خان نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن، رجسٹریشن فیس میں کمی اور حال ہی میں قائم کردہ بزنس سینٹرز کی وجہ سے نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں تقریباََ دو گنا اضافہ ہوا ہے۔

ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق اپریل 2021ء کے دوران مجموعی طور پر دو ہزار 185 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے جبکہ رواں مالی سال کے دس ماہ کے دوران ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 805 تک پہنچ گئی۔

ایک ماہ میں سب سے زیادہ 194 نئی کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے رجسٹرڈ کی گئیں، ٹریڈنگ سیکٹر سے 180، کنسٹرکشن سیکٹر سے 117، امپورٹ ایکسپورٹ سیکٹر سے 115 اور کنسلٹنسی سروسز سیکٹر سے 110 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔

اپریل 2021ء میں تقریباََ 99 فیصد کمپنیوں کی آن لائن رجسٹریشن کی گئی اور اس حوالہ سے 29 فیصد درخواستوں پر کارروائی ایک دن میں مکمل کی گئی ہے، مزید برآں سمندر پار سے 220 غیر ملکیوں کی کمپنیوں کی بھی رجسٹریشن آن لائن کی گئی ہے۔

اپریل میں 67 فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹد، 29 فیصد سنگل ممبر اور چار فیصد پبلک اَن لسٹڈ، نان پرافٹ ایسوسی ایشن کے طور پر رجسٹرڈ ہوئیں۔

اسی طرح 47 کمپنیوں میں امریکا، چین، سعودی عرب، جرمنی، متحدہ عرب امارات، ترکی، ناروے، کینیڈا، نیدرلینڈز، شام، برطانیہ، ہانگ کانگ اور آسٹریلیا کے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کی۔

اپریل کے دوران سب سے زیادہ 736 کمپنیاں اسلام آباد، 667 لاہور، 378 کراچی اور 151 پشاور میں رجسٹرڈ کی گئیں، ملتان کیلئے 131، فیصل اباد 48، گلگت بلتستان 48، کوئٹہ 23 اور سکھر کیلئے تین نئی کمپنیوں کیلئے رجسٹریشن کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایس ای سی پی سرمایہ کاروں کی سہولت اور رجسٹریشن کے وقت کو کم کرنے کیلئے صوبائی محکموں کے ساتھ اشتراک کر کے مشترکہ ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ متعارف کرایا ہے جس سے نیا کاروبار شروع کرنے کے اوقات کار میں کمی ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here