پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد اڑھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی

اپریل 2021ء کے اختتام تک پی اسی ایکس میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کی تعداد مجموعی دو لاکھ 52 ہزار 322 تک پہنچ گئی، 12 ہزار 256 غیر ملکی سرمایہ کار بھی شامل ہیں  

780

اسلام آباد: اپریل 2021ء کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاروں کی تعداد دو لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان (این سی سی پی ایل) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے آغاز سے اپریل 2021ء کے اختتام تک پی اسی ایکس میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کی تعداد مجموعی دو لاکھ 52 ہزار 322 تک پہنچ گئی جس میں 12 ہزار 256 غیر ملکی سرمایہ کار بھی شامل ہیں۔

اس طرح پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی تعداد پاکستان کی کل آبادی کے 0.12 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان سٹاک ایکسچینج نیا ٹریڈنگ سسٹم متعارف کروانے کو تیار

شمشاد اختر پاکستان سٹاک ایکسچینج کی 73 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون چیئرپرسن منتخب

رپورٹ کے مطابق نومبر 2020ء میں نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان نے کووڈ۔19 کی وبا کے باعث پی ایس ایکس میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے سرمایہ کاروں کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع کیا تھا جس کے بعد نئے سرمایہ کاروں کی تعداد 17 ہزار 684 تک بڑھی ہے۔

اس طرح گزشتہ چار ماہ کے دوران پی ایس ایکس میں سرمای کاری کرنے والے نئے سرمایہ کاروں کی شرح میں 7.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج نے سرمایہ کاروں کے ڈیٹا کے تحفظ اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نیا ٹریڈنگ پلیٹ فارم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جسے رواں سال جون تک فعال کر دیا جائے گا۔

یہ بِلٹ اِن سرویلنس خصوصیت کا حامل نیا ٹریڈنگ سسٹم 28 کروڑ ڈالر مالیت سے چین کی شینزن سٹاک ایکسچینج (ایس زیڈ ایس ای) سے خریدا گیا ہے، یہ سسٹم ڈیٹا کا مکمل طور پر تحفظ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔

سرمایہ کاروں کے ڈیٹا کے تحفظ کے نظام کو مضبوط کرنے کے علاوہ اس سسٹم کے ذریعے پاکستان سٹاک مارکیٹ کو تین چینی سٹاک مارکیٹس (شینزن، شنگھائی اور ہانگ ہانگ) کے ساتھ جوڑا جائے گا جس سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کمپنیوں کی کراس لسٹنگ اور بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here