شمشاد اختر پاکستان سٹاک ایکسچینج کی 73 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون چیئرپرسن منتخب

226

کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی 73 سالہ تاریخ میں پہلی بار بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایک خاتون چیئرپرسن کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔

پی ایس ایکس کے نو منتخب بورڈ کے ہونے والے پہلے اجلاس میں ڈاکٹر شمشاد اختر کو متفقہ طور پر بورڈ کی چیئرپرسن منتخب کیا گیا ہے۔ یہ پاکستان کی خواتین کے لیے یاد گار لمحہ ہے کہ ملک کی کیپٹل مارکیٹ کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو بورڈ چیئرپرسن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر شمشاد اختر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے کیونکہ وہ نہ صرف پاکستان کی فنانشل مارکیٹس کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھتی ہیں بلکہ ماضی میں گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان کے منصب پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔

انہوں نے 1990ء کی دہائی میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک میں اپنے دور میں کیپٹل مارکیٹ میں ترقیاتی اصلاحات کی سربراہی کی اور حال ہی میں نگراں وزیر خزانہ کی حیثیت سے کیپٹل مارکیٹ روڈمیپ کے سلسلے میں صنعت کے ساتھ بھی خدمات انجام دیں۔

ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان کیپٹل مارکیٹ سے طویل وابستگی کے بعد سٹاک ایکسچینج کی چیئرپرسن کی حیثیت سے نمائندگی کرنا اور ایس ای سی پی کی کوششوں میں شامل ہونا ان کے لیے باعث فخر ہے، نیا بورڈ اور انتظامیہ یقیناََ اس ادارے کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس بات کی منتظر ہوں کہ ہم اپنی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایک اہم ادارے کے طور پر پی ایس ایکس کی اہمیت میں مزید اضافہ کریں تاکہ وہ ڈیبٹ اور ایکویٹی مارکیٹ کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاروں اور مصنوعات کی بنیاد کو بڑھانے اور خدمات کی موثر انداز میں فراہمی کے ذریعے اپنے تمام صارفین کے لیے گورننس کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھتے ہوئے مارکیٹ کیپٹلائزیشن کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکے۔‘

اس سے قبل سابق بورڈ کی میعاد کی تکمیل کے بعد ریگولیٹری مشق کے ایک حصے کے طور پر 19 اپریل 2021ء کو منعقد ہونے والے ایکسٹرا آرڈنری جنرل میٹنگ (ای جی ایم) میں سات شیئر ہولڈر ڈائریکٹرز کا انتخاب عمل میں آیا۔

ایس ای سی پی نے قابل اطلاق شرائط کے تحت منتخب شیئر ہولڈر ڈائریکٹرز کو کلیئر کیا جن میں وانگ باجن، احمد چنائے، فوہا، یو ہینگ، محترمہ یو ہوالی، ندیم نقوی اور زبیر رزاق پلوالا شامل ہیں۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج نے 29 اپریل 2021ء کو ایس ای سی پی کی منظوری کے بعد اپنے بورڈ میں تین خود مختارڈائریکٹرز کے تقرر کا اعلان کیا تھا جن میں ڈاکٹر شمشاد اختر، جاوید قریشی اور محمد صلاح الدین منظور شامل ہیں۔

سابق بورڈ کی جانب سے فروری 2021ء میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں ایس ای سی پی کی متعلقہ ہدایت کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کا موجودہ حجم طے کیا گیا تھا جس میں مجموعی طور پر 11 ارکان شامل تھے جن میں سات شیئر ہولڈر ڈائریکٹرز، تین خودمختارڈائریکٹرز اور سی ای او شامل تھے۔

پی ایس ایکس کے سی ای او فرخ ایچ خان نے بورڈ کی پہلی خاتون چیئرپرسن اور نئے ریٹرننگ ڈائریکٹرز کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ نومنتخب بورڈ ایکسچینج کے تمام سٹیک ہولڈرز اور کیپٹل مارکیٹ کو کامیابی، خوشحالی اور ترقی کی مزید اونچائیوں تک لے جانے کیلئے رہنمائی فراہم کریں گے۔‘

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here