ایف بی آر: ٹیکس آڈٹ سے متعلق کیسز کی آن لائن سماعت کیلئے سافٹ وئیر متعارف

پہلے مرحلے میں الیکٹرانک سماعت کا موڈیول لارج ٹیکس پئیر آفس اسلام آباد، ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں شروع ہو گا، دوسرے مرحلہ میں الیکٹرانک سماعت کے موڈیول کو ایف بی آر کے تمام ذیلی دفاتر میں متعارف کرایا جائے گا

709

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے ٹیکس آڈٹ اور تخمینہ سے متعلق کیسز کی آن لائن الیکٹرانک طریقہ سے سماعت کیلئے سافٹ وئیر متعارف کرا دیا۔

اس سلسلے میں آئرس پورٹل پر الیکٹرانک سماعت کے موڈیول کو فعال کر دیا گیا ہے، اس موڈیول کے ذریعے آن لائن سماعت کو ایف بی آر کے ذیلی دفاتر میں موجود سماعت کیلئے بنائے گئے خصوصی کمروں اور ٹیکس گزاروں کی جائے وقوعہ کے درمیان لنک سے ممکن بنایا جا سکے گا۔

الیکٹرانک طریقہ سے سماعت کو ناصرف ریکارڈ کیا جا سکے گا بلکہ دوسرے قانونی اور انتظامی استعمال میں بھی لایا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیے: ایف بی آر، دس ماہ میں 14 فیصد اضافے سے 3780 ارب روپے ٹیکس جمع

ایف بی آر کے مطابق پہلے مرحلے میں الیکٹرانک سماعت کا موڈیول لارج ٹیکس پئیر آفس اسلام آباد، ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں شروع کر دیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں الیکٹرانک سماعت کے موڈیول کو ایف بی آر کے تمام ذیلی دفاتر میں بھی متعارف کر دیا جائے گا۔

اس سلسلے میں چیف کمشنرز آئی آر کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ 31 مئی 2021ء تک اپنے متعلقہ ذیلی دفاتر میں اس موڈیول کی تنصیب اور مخصوص الیکٹرانک سماعت کے لئے کمروں کی تشکیل کو یقنی بنائیں۔

اس موڈیول کے ذریعے ایف بی آر ہیڈ آفس کو اختیار ہو گا کہ وہ کسی بھی وقت کسی بھی الیکٹرانک سماعت کو جوائن کر سکے تاکہ نظام کی انتظامی صلاحیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔

ایف بی آر نے اپنے اعلامیہ میں مزید کہا ہے کہ الیکٹرانک سماعت کے موڈیول کی وجہ سے اب ٹیکس گزاروں کو ایف بی آر کے ذیلی دفاتر میں نہیں جانا پڑے گا۔

اس سلسلے میں ایف بی آر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ یکم جولائی 2021ء سے بالمشافہ سماعتیں ختم کر دی جائیں گی اور اس کے بعد تمام سماعتیں آن لائن طریقے سے ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here