اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے سفارت خانے بھرپور معاونت کریں گے: وزیر خارجہ

وزارت خارجہ کا اکنامک وِنگ باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے بیرون ممالک سے سرمایہ کاری پاکستان لائے گا، شاہ محمود قریشی کی چیئرمین فیڈمک سے گفتگو

523

فیصل آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے بیرون ممالک موجود سفارت خانے بھرپور معاونت کریں گے اور فیڈمک کو جس ملک میں سرمایہ کاروں تک رسائی کی ضرورت ہو گی فارن آفس بھرپور مدد کرے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منگل کو فیڈمک کے ایم تھری انڈسٹریل سٹی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیئرمین فیڈمک کاشف اشفاق اور دیگر کاروباری افراد سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے چیئرمین فیڈمک کو کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے وہ باقاعدہ ایک پلان بنا کر ان سے شیئر کریں، اس سلسلہ میں وزارت خارجہ میں ایک الگ اکنامک وِنگ بھی بنایا گیا ہے جو باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے بیرون ممالک سے سرمایہ کاری پاکستان لائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا سٹیٹس برقرار رکھنے کیلئے لابنگ شروع کر دی گئی ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے بھی اس مرتبہ اچھی خبر آئے گی اور پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

انہوں نے کپاس کی پیداوار میں کمی پر قابو پانے کے حوالے سے کہا کہ اس کیلئے تحقیق پر بھرپور توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس سلسلہ میں خود وزیراعظم عمران خان سے بات کریں گے۔

وزیر خارجہ نے فیڈمک کی طرف سے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1500 ایکڑ اراضی پر جدید ترین سہولیات سے آراستہ ایگرو بیسڈ اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کو زراعت کی ترقی کیلئے بہترین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملتان، خانیوال، سرگودھا اور فیصل آباد کے کاشت کاروں کو یکساں فوائد حاصل ہوں گے۔

چیئرمین فیڈمک نے وزیر خارجہ کو بتایا کہ اس اکنامک زون میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے میٹ اینڈ فوڈ پروسیسنگ، کولڈ سٹوریج اور ماڈرن فارمنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیر خارجہ نے چیئرمین فیڈمک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ فیڈمک کے تمام منصوبوں کی کامیابی کیلئے ان کی بھرپور معاونت کریں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here