9 ماہ میں آئرلینڈ سے 11 کروڑ ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر موصول

263

اسلام آباد: آئرلینڈ میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 121.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت میں آئرلینڈ میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر کا حجم 11 کروڑ 48 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

آئرلینڈ سے ترسیلات زر کی یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی ابتدائی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں 121.6 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں آئرلینڈ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے پانچ کروڑ 18 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا وبا کے باوجود 9 ماہ میں پاکستان کی ترسیلات زر 21.5 ارب ڈالر ریکارڈ

روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے ترسیلات زر کا حجم سات ماہ میں ایک ارب ڈالر سے متجاوز

مارچ 2021ء میں آئرلینڈ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے ایک کروڑ 37 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ مارچ 2021ء میں یہ حجم 69 لاکھ ڈالر ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات اور سہولیات کی فراہمی سے سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 26.2 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 21.5 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران ترسیلات زر کا حجم 17 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت میں سعودی عرب ترسیلات زر کے حوالہ سے سب سے بڑا ملک ثابت ہوا، سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے اس عرصہ میں 5.731 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 4.775 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔

یواے ای اس فہرست میں دوسرا بڑا ملک ثابت ہوا، یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 4.526 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 4.219 ارب ڈالر بھیجے تھے۔ برطانیہ اور امریکا اس فہرست میں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here