روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے ترسیلات زر کا حجم سات ماہ میں ایک ارب ڈالر سے متجاوز

اوورسیز پاکستانیوں نے ان اکائونٹس کا استعمال کرتے ہوئے مارچ  کے دوران 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، اپریل میں 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ارسال کیے: سٹیٹ بینک

967

اسلام آباد: سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے متعارف کردہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے ذریعے ترسیلات زر کا حجم سات ماہ کے دوران ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں نے مارچ 2021ء کے دوران اِن اکائونٹس کے ذریعے 21 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جبکہ اپریل 2021ء کے دوران 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا ہے۔

فروری 2021ء کے دوران روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعے سمندر پار پاکستانی محنت کشوں نے 17 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا، حکومت کی ہدایت پر سٹیٹ بینک نے گزشتہ سال ستمبر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے اس سہولت کا آغاز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا وبا کے باوجود 9 ماہ میں پاکستان کی ترسیلات زر 21.5 ارب ڈالر ریکارڈ

9 ماہ میں امریکا سے ترسیلات زر میں 52 فیصد، برطانیہ سے 62 فیصد اضافہ ریکارڈ

خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سے 2 ارب 45 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر موصول

روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے آغاز کے پہلے سال ہی اس کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں نے 90 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا جس کے بعد ماہانہ بنیادوں پر اِن اکائونٹس کے ذریعہ ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

سال 2020ء کے اختتام پر روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعہ سمندر پار کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر کا حجم 25 کروڑ ڈالر تک پہنچا، جنوری 2021ء کے دوران ان اکاونٹس کے ذریعے 16 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا گیا۔

ترجمان سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کے حوالے سے سمندر پار پاکستانیوں کے غیرمعمولی ردِ عمل پر شکریہ کے اظہار کیلئے تقریب منعقد کی جائے گی جس میں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے نئی مصنوعات کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

ادھر وزیراعظم عمران خان نے بھی روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں موصول ہونے والے فنڈز ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی تارکین وطن کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بڑھ چڑھ کر ردعمل دیا، وزیراعظم نے سٹیٹ بنک اور ملکی بینکوں کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے قلیل مدت میں یہ اہم سنگ میل حاصل کیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے بھی ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے میں تارکین وطن کی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے ریکارڈ ترسیلات کو سراہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ذولفقار بخاری نے تارکین وطن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک ارب ڈالر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان منتقل کرنے میں سٹیٹ بینک اور دیگر کمرشل بینکوں کا بھی کریڈٹ ہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو استعمال کر کے ترسیلات زر بھیجنے والوں ک مزید مراعات فراہم ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here