درآمدی بل بڑھنے سے تجارتی خسارہ 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا

578

اسلام آباد: جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں تجارتی خسارے میں 21.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اپریل 2021ء تک کی مدت میں ملکی برآمدات کا حجم 20 ارب 88 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 18 ارب 39 کروڑ ڈالر کی برآمدات کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے: 10 ماہ میں پاکستان کی برآمدات 13 فیصد اضافے سے 20 ارب ڈالر سے متجاوز

اسی طرح رواں مالی سال کے 10 ماہ کے دوران ملکی درآمدات میں 17.67 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور درآمدات کا حجم 44 ارب 70 کروڑ ڈالر پر جا پہنچا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 37 ارب 99 کروڑ ڈالر تھا۔

پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق برآمدات اور درآمدات میں گہری خلیج کی وجہ سے ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے 10 ماہ میں 21.60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جولائی 2020ء سے لیکر اپریل 2021ء تک کی مدت میں تجارتی خسارہ کا حجم 23 ارب 82 کروڑ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 19 ارب 59 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سالانہ بنیادوں پر اپریل 2021ء میں ملکی برآمدات میں 129 فیصد اور درآمدات میں 62 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اپریل 2021 میں تجارتی خسارہ گزشتہ سال کے اسی مہینے کے دو ارب 24 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 33.24 فیصد اضافے کے ساتھ دو ارب 99 کروڑ ڈالر رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here