ادویہ ساز گلیکسو سمتھ کلائن کی بعد اَز ٹیکس آمدن میں 70 فیصد اضافہ

جنوری تا مارچ 2021ء کے دوران کمپنی کا خالص منافع 42 کروڑ 60 لاکھ روپے سے بڑھ کر 72 کروڑ 60 لاکھ روپے ہو گیا، فی حصص آمدنی بھی 1.34 روپے کے مقابلے میں 2.28 روپے تک پہنچ گئی

475
فوٹو: گوگل

اسلام آباد: رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ادویہ ساز گلیکسو سمتھ کلائن (گلیکسو) کی بعد اَز ٹیکس آمدن میں 70.42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گلیکسو سمتھ کلائن کے جاری کردہ مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق جنوری تا مارچ 2021ء کے دوران اس کا خالص منافع 72 کروڑ 60 لاکھ روپے تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں کمپنی کو 42 کروڑ 60 لاکھ روپے خالص آمدن ہوئی تھی۔

اس طرح سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں سال کے اسی عرصہ کے دوران گلیکسو کی بعد اَز ٹیکس آمدنی میں 30 کروڑ روپے یعنی 70 فیصد سے زیادہ نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بعد از ٹیکس آمدنی بڑھنے کے نتیجہ میں گلیکسو سمتھ کلائن کی پہلی سہ ماہی میں فی حصص آمدنی بھی 1.34 روپے کے مقابلے میں 2.28 روپے فی حصص تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کے سیلز ریونیو میں 4.23 فیصد کمی ہوئی تاہم ڈسٹری بیوشن اور انتظامی اخراجات میں بالترتیب 17.20 فیصد اور 21.31 فیصد کی کمی اور مالیاتی خسارہ میں 95.92 فیصد کی نمایاں کمی کے نتیجہ میں کمپنی کی بعد از ٹیکس آمدن بڑھی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here