اسلام آباد: وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام اورچین کی کمپنی ہواوے کے درمیان مفاہمت کے یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔
مفاہمت کے یادداشت پر دستخط کیلئے منعقدہ تقریب میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار اور ہواوے ٹیکنالوجی کے مشرق وسطیٰ کیلئے نائب صدر سپیس لی سمیت ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو مارک مینگ نے شرکت کی۔
اس موقع پر معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی اولین ترجیح ہے جس کیلئے قومی اور بین الاقوامی اداروں سے تعاون کریں گے، پاکستانی نوجوانوں میں اہلیت کی کمی نہیں، ان کی ترقی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام اور ہواوے (Huwaei) کے درمیان مفاہمت کے یادداشت پر دستخط۔
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے اُمورِ نوجوانان عثمان ڈار اور ہواوے ٹیکنالوجی کے میڈل ایسٹ کیلئے مقرر وائیس پریذیڈنٹ سپیس لی سمیت ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو مارک مینگ کی تقریب میں شرکت۔ pic.twitter.com/PQleOMY5Ma— Kamyab Jawan (@KamyabJawanPK) May 5, 2021
انہوں نے کہا کہ ’کامیاب جوان انوویشن لیگ‘ کے تحت ہواوے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی پروگرام کے مد میں سرکاری اور پرائیوٹ یونیورسٹیوں کی طلباء کو معاونت فراہم کرے گا۔
ہر سال ملک بھر سے 10 ہزار طلباء کو انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں حاصل صلاحیتیوں کی بنیاد پر رجسٹر کیا جائے گا، معاہدے کے تحت پانچ ہزار طلباء کو انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیت دی جائے گی۔
ہواوے ملک بھر میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے مقابلے منعقد کرنے کیلئے آگاہی مہم بھی چلائے گی، مستحق طلباء کیلئے سکالرشپ کی فراہمی اور انہیں تعلیم حاصل کرنے کیلئے ہواوے یونیورسٹی بھیجنا بھی معاہدے کا حصہ ہے۔
ہواوے کی مشرقِ وسطی کیلئے نائب صدر سپیس لی نے کہا کہ خوشی ہے کہ دوست ملک کے قابل طلباء کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، مستقبل میں وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے ساتھ باہمی تعاون اور اشتراک کو مزید بڑھائیں گے۔ معاہدے کے تحت پاکستانی طلباء کو اعلیٰ تعلیم اور سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کیلئے چین بھیجا جائے گا۔