اسلام آباد: چین سے سنگل ڈوز کین سائینو (Cansino) ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
قومی ادارہ صحت اور وزارت صحت کے حکام نے یہ ویکسین اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر وصول کی۔
قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق پاکستان میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے، حکومت پاکستان کی خصوصی کاوشوں اور اقدامات کے نتیجے میں سنگل ڈوز کین سائنو ویکسین کی ایک لاکھ 20 ہزار خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
حکومت پاکستان کی خصوصی کاوشوں اور اقدامات کےنتیجے میں سنگل ڈوز کین سائینو ویکسین کی ایک لاکھ 20ہزار خوراکیں پاکستان پہنچیں۔ ملک پہنچنے والی کین سائینو ویکسین کی پیکنگ اور فارمولیشن این آئی ایچ کے ذریعے پاکستان میں ہی ہو گی۔ کین سائینو ویکسین پاکستان کی طرف سے خریدی گئی ہے۔ pic.twitter.com/eEpB3kSlMV
— Ministry of National Health Services, Pakistan (@nhsrcofficial) May 5, 2021
یہ ویکسین حکومت پاکستان کی طرف سے خریدی گئی ہے۔ پاکستان پہنچنے والی کین سائینو ویکسین کی پیکنگ اور فارمولیشن نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ذریعے پاکستان میں ہی ہو گی۔
اس سے قبل 29 اپریل کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی تین خصوصی پروازیں بیجنگ سے کورونا سے بچائو کی ویکسین کی دس لاکھ خوراکیں لے کر پاکستان پہنچی تھیں۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ یہ تاثر گمراہ کن ہے کہ پاکستان محض تحفتاً دی گئی ویکسین پر انحصار کر رہا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں خرید چکا ہے جبکہ مزید تین کروڑ خوراکو ں کی خریداری کے لیے تین کمپنیوں سے معاہدوں پر دستخط بھی کر چکا ہے۔ طلب اور رسد میں فرق کے باعث محض پاکستان نہیں، پوری دنیا میں ویکسی نیشن کا عمل سست ہے۔