اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور یو کے پاکستان بزنس کونسل (یو کے پی بی سی) کے مابین باہمی تعاون کا ایک معاہدہ طے پا گیا۔
اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور یوکے پاکستان بزنس کونسل (پاکستان چیپٹر) کے صدر خورشید برلاس نے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے۔
معاہدے کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یوکے پاکستان بزنس کونسل برطانیہ اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے مثبت کردار ادا کریں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے دونوں ادارے آئندہ چند ماہ میں برطانیہ میں پاکستان کے بارے میں ایک انویسٹمنٹ کانفرنس منعقد کریں گے تاکہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں اور سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور برطانونی سرمایہ کاروں کو آگاہ کر سکیں۔
Islamabad Chamber of Commerce & Industry (ICCI) and UK Pakistan Business Council (Pakistan Chapter) (UKPBC) have signed an agreement of cooperation to work jointly for further improving bilateral trade & economic relations between Pakistan and UK. 🇵🇰🇬🇧 1/2 pic.twitter.com/AaCvjuy44s
— Islamabad Chamber of Commerce & Industry (@IslamabadCCI) May 5, 2021
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کئے جائیں تو پاکستان اور برطانیہ کی باہمی تجارت موجودہ تین ارب پائونڈ سے بڑھ کر 10 ارب پائونڈ سالانہ تک بڑھ سکتی ہے۔
صدر اسلام آباد چیمبر نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی اور یو کے پی بی سی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی تجارت، کاروباری شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ کی کمپنیوں کا پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ قریبی تعاون فروغ پانے سے پاکستان کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرنے میں سہولت ہو گی جس سے برآمدات میں اضافہ ہو گا۔
پاکستان یو کے بزنس کونسل (پاکستان چیپٹر) کے صدر خورشید برلاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی کونسل پاکستان اور برطانیہ کے مابین مضبوط کاروباری تعلقات قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے، کونسل اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط مضبوط کرنے کیلئے کوششیں کرے گی تا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے باہمی تجارت کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں سہولت محسوس کریں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے ایک دوسرے کے ملک میں پائے جانے والے کاروباراور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں باقاعدگی کے ساتھ آپس میں معلومات کا تبادلہ کریں گے تا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کاروبار اور سرمایہ کاری کے تمام ممکنہ مواقع سے فائدہ اٹھا سکے۔