عیدالفطر کی چھٹیوں کے ساتھ ہی سخت پابندیوں کا اعلان

بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ، چاند رات بازار، شاپنگ مالز، تقریحی مقامات بند رہیں گے: این سی او سی

881

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالفطر کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا ہے، اس کے ساتھ ہی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بین الصوبائی، انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ  اور چاند رات بازاروں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جمعرات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 10 مئی سے 15 مئی تک عید الفطر کی تعطیلات کا مقصد ملکی سطح پر نقل و حمل کو محدود کرنا ہے، نجی گاڑیوں، رکشوں اور ٹیکسیوں کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ سفر کی اجازت ہو گی۔

این سی او سی کے مطابق یوم علی، شب قدر، اعتکاف، جمعتہ الوداع کیلئے گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یکم مئی سے ہو گا، 8 مئی سے 16 مئی تک “گھر رہو محفوظ رہو” کی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا، چاند رات پر مہندی، جیولری، کپڑوں کے سٹالز پر پابندی ہو گی۔

این سی او سی کے مطابق تقریحی مقامات، پبلک پارک، شاپنگ مالز 8 مئی سے 16 مئی تک بند رہیں گے، “گھر رہو، محفوظ رہو” کی حکمت عملی کے تحت تمام مارکیٹیں، دکانیں اور کاروبار بند رہیں گے تاہم گروسری سٹورز، میڈیکل سٹورز، ویکسی نیشن سنٹرز، سبزیوں اورپھلوں اور گوشت کی دکانیں، بیکریاں، پٹرول پمپ، ٹیک اوے اور ای کامرس (ہوم ڈلیوری) کے ساتھ یوٹیلیٹی سروسز، جس میں بجلی، گیس، انٹرنیٹ، سیلولر نیٹ ورکس، کال سنٹرز اور میڈیا ہائوسز شامل ہیں، کھلے رہیں گے۔

این سی او سی نے مقامی شہریوں اور بیرون شہر سے آنے والوں کیلئے تمام تفریحی مقامات پر پابندی عائد کر دی ہے اس لیے تمام سیاحتی مقامات، پکنک پوائنٹ، پبلک پارک، شاپنگ مال، ہوٹل اور ریسٹورنٹس جو تقریحی مقامات کے قریب ہیں بند رہیں گے۔

سیاحتی مقامات کی جانب جانے والے راستوں کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مری، گلیات، سوات، کالام، سی ویو، ساحل سمندر اور دیگر سیاحتی مقامات پر سکیورٹی اداروں کی توجہ مرکوز رہے گی، خاص طور پر گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مقامی افراد کو گھر واپس جانے کیلئے سفر کی اجازت ہو گی۔

سات مئی 2021ء تک مسافروں کو لے جانے کیلئے اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی، ٹرینوں میں 70 فیصد مسافر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے سفر کر سکیں گے۔

این سی او سی نے کہا ہے کہ میڈیا عوام کو گھروں پر ہی محدود رکھنے کیلئے فلمیں، ڈرامے اور انٹرٹینمنٹ شوز پر مبنی خصوصی عید ٹرانسمیشن چلائے، عید کے موقع پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here