افغانستان کو پاکستانی برآمدات میں 5.90 فیصد کمی، درآمدات میں 14.24 فیصد اضافہ

جولائی 2020 سے مارچ 2021 تک پاکستان نے مغربی ہمسائے کو 74 کروڑ 63 لاکھ ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں جبکہ وہاں سے 12 کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی درآمدات کیں

161

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 3.22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

جولائی 2020ء سے مارچ 2021ء تک کی مدت میں افغانستان کو پاکستان کی برآمدات میں کمی جبکہ افغانستان سے درآمدات میں اضافہ کا رحجان دیکھنے میں آیا، مارچ میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات میں 90 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات کا حجم 74 کروڑ 63 لاکھ 20 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:

9 ماہ میں امریکا کو پاکستان کی برآمدات تین ارب ڈالر سے متجاوز

پاکستان کی خطے کے 9 ممالک کو برآمدات میں 5.7 فیصد کمی

پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں ایک بار پھر تین ماہ توسیع

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں 5.90 فیصد کم ہے، گزشتتہ مالی سال کی اسی مدت میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات کا حجم 79 کروڑ تین لاکھ 70 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

تاہم مارچ 2021ء میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ کا رحجان دیکھنے میں آیا، مارچ میں افغانستان کو پاکستان نے 11 کروڑ 65 لاکھ 40 ہزار ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں۔

یہ شرح مارچ 2020ء کے مقابلہ میں 90.67 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں افغانستان کو چھ کروڑ 11 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں افغانستان سے درآمدات میں 14.24 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس مدت میں افغانستان سے 12 کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی درآمدات ہوئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 11 کروڑ 15 لاکھ 50 ہزار ڈالر تھا۔

مارچ 2021ء میں افغانستان سے درآمدات کا حجم 53 لاکھ 80 ہزار ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال مارچ میں افغانستان سے ایک کروڑ 44 لاکھ  ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مالی سال 2020ء میں افغانستان کو پاکستان کی برآمدات کا کل حجم 89 کروڑ پانچ ہزار ڈالر ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ  درآمدات پر 12 کروڑ 18 لاکھ 30 ہزار ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here