اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 13.37 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
مالی سال 2020-21ء کی تین سہ ماہیوں میں امریکا کو پاکستانی برآمدات میں 14.81 فیصد جبکہ امریکا سے درآمدات میں 5.31 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس حوالے سے سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2020-21ء کی پہلی تین سہ ماہیوں میں امریکا کیلئے پاکستانی برآمدات کا حجم تین ارب 65 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین ساہی ماہیوں کے مقابلہ میں 14.81 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم تین ارب 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارچ 2021ء کے دوران امریکا کو پاکستانی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں 41.40 فیصد اضافہ ہوا اور ان کا مالیاتی حجم 48 کروڑ 44 لاکھ سات ہزار ڈالر رہا جبکہ مارچ 2020ء میں امریکا کو برآمدات سے پاکستان نے 34 کروڑ 25 لاکھ 63 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا تھا۔
دوسری جانب رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں امریکا سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ 5.31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جولائی 2020ء سے لیکر مارچ 2021ء تک پاکستان نے امریکا سے ایک ارب 77 کروڑ 40 لاکھ 43 ہزار ڈالر کی مصنوعات درآمد کیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا سے ایک ارب 68 کروڑ 44 لاکھ 82 ہزار ڈالر کی درآمدات کی گئیں تھیں۔
سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2021ء میں امریکا سے درآمدات پر 28 کروڑ پانچ لاکھ 10 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو مارچ 2020ء کے 21 کروڑ 37 لاکھ 90 ہزار ڈالر سے 31.20 فیصد زیادہ ہے۔