اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ایک ہی دن میں تین خصوصی طیارے اتوار کو چین سے کوویڈ-19 سے بچائو کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں لے کر وطن واپس پہنچ گئے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پی آئی اے کی تین خصوصی پروازیں کوویڈ-19 سے بچائو کی ویکسین لانے کے لئے گزشتہ روز بیجنگ روانہ ہوئی تھیں جو اتوار کی شام اسلام آباد پہنچ گئی ہیں-
تین بوئنگ 777 طیاروں پر 10 لاکھ ویکسین لائی گئی ہیں، ملک میں جاری کورونا کے بحران پر قابو پانے کیلئے ویکسین کی درآمد تیز کر دی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) اور نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ہدایت پر پی آئی اے کے تین طیارے یکے بعد دیگرے بیجنگ روانہ کئے گئے تھے-
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا ہے کہ کورونا کی ممکنہ تیسری اور مہلک تر لہر سے نمٹنے کیلئے تمام حکومتی اداروں نے کام تیز کر دیا ہے، ہر مشکل وقت میں پی آئی اے اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی آئی ہے۔ کورونا ایک عالمی بحران ہے، اس سے بچاو کیلئے مل کر اقدامات کرنے ہوں گے، پی آئی اے اس سلسلے اپنا قومی کردار ادا کرتی رہے گی۔