لاہور: پاکستانی مارکیٹ میں نئی قدم رکھنے والی ملائیشین آٹوموبائل کمپنی پروٹون نے پانچ ماہ میں ایک ہزار سے زائد یونٹ فروخت کر ڈالے۔
کمپنی نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے ایس یو ویز کے ایک ہزا یونٹ فروخت کر دیے ہیں، اس حوالے سے پروٹون پاکستان نے سوشل میڈیا پر اپنی کامیابی کی کہانی شئیر کرتے ہوئے پاکستان میں ایک ہزار گاڑیاں فروخت کرنے پر خود کو مبارک باد دی۔
تاہم کمپنی نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے صرف ایکس 70 ایس یو وی کے ہی ایک ہزار یونٹ فروخت کیے ہیں یا پھر اس میں ساگا سیڈان کے کچھ یونٹ بھی شامل ہیں، اگر صرف ایکس 70 کے ہی ایک ہزار یونٹ فروخت ہوئے ہیں تو پانچ ماہ کے قلیل عرصے میں ایک نئی مارکیٹ میں یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔
ملائیشین آٹو میکر نے دسمبر 2020ء میں ایکس 70 ایس یو وی کے ساتھ پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھا تھا تاہم کمپنی کی ایکس 70 گاڑی سستی اور پختہ دعویدار ہونے کے باوجود سڑکوں پر کچھ زیادہ نظر نہیں آئی جتنی اس کی حریف کِیا سپورٹیج، مورس گیریجز کی ایچ ایس اور ہنڈائی کی ٹکسن سڑکوں پر دوڑتی نظر آتی ہیں۔