اسلام آباد: کورونا وائرس کی تیسری لہر کے شدت اختیار کرنے کی وجہ سے سفری شعبے پر پڑنے والے منفی اثرات کے باعث رواں سال 2021ء کے دوران بین الاقوامی فضائی صنعت کو 47.7 ارب ڈالر خسارہ کا خدشہ ہے۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے کہا کہ وبا کے باعث عالمی فضائی صنعت کی بحالی کی شرح ماضی کے تخمینہ سے کم رہنے کا امکان ہے کیونکہ ویکسی نیشن کی شرح کم رہنے کی وجہ سے پروازوں کی بحالی میں کمی کا خدشہ ہے جس سے رواں سال میں بحران سے پہلے کے مقابلہ میں بین الاقوامی سطح پر فضائی ٹریفک 43 فیصد تک رہے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
جعلی لائسنس سکینڈل، ایک پائلٹ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پانچ افسر گرفتار
سول ایوی ایشن کا پائلٹوں کو لائسنس جاری کرنے کیلئے برطانوی طرز کا سسٹم لانے کا فیصلہ
آئی اے ٹی اے نے قبل ازیں رواں سال میں عالمی فضائی پروازوں کی بحالی کی شرح کورونا وائر س کی وبا سے پہلے کے مقابلہ میں 51 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی تھی، تاہم موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں ایسوسی ایشن نے فضائی روٹس پر پروازوں کی بحالی کی شرح کے لئے تازہ ترین 43 فیصد تخمینہ ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2020ء میں کورونا کی عالمی وبا کے نتیجہ میں عالمی فضائی صنعت کو 126.4 ارب ڈالر خسارہ ہوا تھا اور اس دوران صنعت کا مجموعی ریونیو 231 ارب ڈالر رہا تھا۔
آئی اے ٹی اے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں سال 2021ء میں عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کا ریونیو 23 فیصد کم رہنے کا خدشہ ہے اور دوران سال فضائی صنعت کو 47 ارب ڈالر سے زائد خسارہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ سال 2019ء میں عالمی فضائی صنعت کا ریونیو 607 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مزید برآں رواں سال میں فضائی راستہ سے کارگو کا تخمینہ 63.1 ملین ٹن لگا یا گیا ہے۔