ٹوکیو: جاپان کی کار ساز کمپنی ہونڈا نے اعلان کیا ہے کہ ماحولیات کے تحفظ کے عالمی اہداف کے پیش نظر وہ اپنی تمام گاڑیوں کو 2040ء تک بجلی اور فیول سیلز پر منتقلی کا عزم رکھتی ہے اور اس منصوبے پر تحقیق اور سرمایہ کاری کیلئے پانچ کھرب ین یعنی 46 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے نے کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو توشی ہیرو میبے کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ اپنے اس ہدف کو چیلنج کی حیثیت سے دیکھتے ہیں اور کمپنی کیلئے مزید بڑے مقاصد کے تعین کے خواہش مند ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
چین پاکستان میں برقی کاروں کا پلانٹ لگائے گا
برقی گاڑیوں کی عالمی مارکیٹ پر اجارہ داری کیلئے دو کمپنیاں مدمقابل
برقی گاڑیوں کی رجسٹریشن میں کنفیوژن کی وجہ سے درآمد کنندگان پریشان
سی ای او کا کہنا ہے کہ ’’ہماری خواہش ہے کہ 2040ء تک ہونڈا کی فروخت ہونے والی تمام گاڑیاں اور دیگر مصنوعات بجلی یا فیول سیلز سے چلنے والی ہوں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے مختلف مراحل متعین کیے گئے ہیں جن کے تحت الیکٹرک اور فیول گاڑیوں کی شرح 2030ء تک 40 فیصد، 2035ء تک 80 فیصد جبکہ 2040ء تک 100 فیصد تک لے جانے کی کوشش کی جائے گی۔
سی ای او نے کہا کہ کمپنی نے اپنے اس ہدف کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے تحقیق پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے پانچ کھرب ین کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
ہونڈا کا کہنا ہے کہ ان کے اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے مقرر کردہ عالمی اہداف کو حاصل کرنے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں آٹو موبائل کمپنیاں برقی گاڑیوں کی پیداوار کیلئے ناصرف سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں بلکہ مختلف اہداف مقرر کرکے اپنی پروڈکشن لائن کو مکمل طور پر الیکٹرک میں منتقل کرنے کے عزم کا اظہار کر چکی ہیں۔