کورونا بحران: پاکستان کی بھارت کو باضابطہ طور پر مدد کی پیشکش

پاکستان انسانیت کو ترجیح دینے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے، بھارت کو وینٹی لیٹرز، ڈیجیٹل ایکسرے مشینیں اور پی پی ای دیگر ضروری حفاظتی آلات فراہم کیے جائیں گے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

651

اسلام آباد: پاکستان نے کورونا وائرس کی موجودہ خوفناک لہر کے تناظر میں اظہار یکجہتی کے طور پر بھارت کو باضابطہ طور پر مدد کی پیشکش کر دی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کورونا وبا کے موجودہ بحران کے دوران بھارت کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان باضابطہ طور پر امداد کی پیشکش کرتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان انسانیت کو ترجیح دینے کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور بھارت کو وینٹی لیٹرز، ڈیجیٹل ایکسرے مشینیں اور دیگر ضروری حفاظتی آلات فراہم کیے جائیں گے۔

دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے انسانی جانوں کے بڑے پیمانے پر ضیاع کو دیکھتے ہوئے اپنے مشرقی ہمسائے کو وینٹی لیٹرز، ایکسرے مشینیں، پی پی ای اور دیگر طبی اشیاء سمیت امداد کی پیش کش کی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے متعلقہ حکام امدادی سامان کی فوری فراہمی کے لئے طریق کار پر کام اور وبا سے لاحق چیلنج پر قابو پانے کے لئے مزید تعاون کے ممکنہ طریقے بھی تلاش کر سکتے ہیں۔

ادھر وزیراعظم عمران خان نے بھی کورونا کی مہلک ترین لہر کا سامنا کرنے والے بھارتی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس وبا کا باہم مل کر مقابلہ کرنا چاہیے۔

ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ہم اپنے ہمسایوں سمیت دنیا بھر میں وبا کی زد میں آنے والوں کی جلد شفایابی کیلئے دعاگو ہیں۔ انسانیت پر حملہ آور اس آفت کا ہمیں مل کر مقابلہ کرنا چاہئیے۔

جمعہ کے روز پاکستان کے سب سے بڑے فلاحی ادارے ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام خط میں بھارت میں کورونا سے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مدد کی پیشکش کی تھی۔

فیصل ایدھی نے اپنے خط میں لکھا کہ ‘ہم کورونا بحران کے باعث بھارت کے عوام پر پڑنے والے منفی اثرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، ہمیں آپ کے ملک میں کورونا کے انتہائی سنگین اثرات کا سن کر افسوس ہوا، جہاں عوام کی بڑی تعداد بے حد تکلیف میں مبتلا ہے’۔

انہوں نے مزید لکھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایدھی فاؤنڈیشن کی ہمدردیاں بھارت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کو 50 ایمبولینس اور رضاکاروں کی ٹیم بھارت بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود رضاکاروں کی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافے اور ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کی خبریں سامنے آنے پر پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں بھارت کے عوام کیلئے امداد بھیجے۔

پاکستان میں ٹویٹر پر IndiaNeedsOxygen اور PakistanStandsWithIndia کے ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈ بنے رہے اور صارفین حکومت پر زور دیتے رہے کہ وہ بھارت کیلئے خیرسگالی کا اظہار کریں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here