اسلام آباد: جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر میں 8.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مارچ 2021ء تک کی مدت میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ خلیج تعاون کونسل کے دیگر رکن ممالک بحرین، کویت، قطر اور اومان سے پاکستانی ورکرز نے دو ارب 45 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ترسیلات بھیجیں۔
یہ ترسیلات زر گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں (جولائی تا مارچ) کے مقابلہ میں 8.3 فیصد زیادہ ہیں، گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں بحرین ، کویت، قطر اور اومان میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے دو ارب 26 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
کورونا وبا کے باوجود 9 ماہ میں پاکستان کی ترسیلات زر 21.5 ارب ڈالر ریکارڈ
9 ماہ میں متحدہ عرب امارات سے چار ارب 52 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر موصول
9 ماہ میں امریکا سے ترسیلات زر میں 52 فیصد، برطانیہ سے 62 فیصد اضافہ ریکارڈ
مارچ 2021ء کے دوران خلیج تعاون کونسل کے مذکورہ رکن ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 31 کروڑ 39 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ گزشتہ سال مارچ میں ان ممالک میں مقیم پاکستانی محنت کشوں نے 23 کروڑ 86 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا۔
حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں سمندر پار کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کی ترسیلات زر مسلسل 10ویں ماہ دو ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں۔
جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ (جولائی 2020ء تا مارچ 2021ء) کے دوران پاکستانی محنت کشوں نے 21.5 ارب ڈالر کی ترسیلات زر ارسال کیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26.2 فیصد کا زیادہ ہیں۔ گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 17 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2020ء سے مارچ 2021ء تک سعودی عرب ترسیلات زر کے حوالہ سے سب سے بڑا ملک ثابت ہوا، سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے اس عرصہ میں 5.731 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں نے 4.775 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
یواے ای اس فہرست میں دوسرا بڑا ملک ثابت ہوا، یواے ای میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 4.526 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں نے 4.219 ارب ڈالر بھیجے تھے۔ اس فہرست میں برطانیہ تیسرے اور امریکا چوتھے نمبر پر رہا۔