براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 8 فیصد اضافہ، حجم 16 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا

946

لاہور: مارچ 2021 میں پاکستان میں غیرملکی براہِ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا فروری 2021 میں 155 ملین ڈالر ایف ڈی آئی کے مقابلے میں مارچ 2021 میں 167.6 ملین ڈالر ایف ڈی آئی ریکارڈ کی گئی۔ 

تاہم مارچ 2020 کے دوران ایف ڈی آئی کا حجم 278.7 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جس میں سالانہ 40 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2021 کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران ایف ڈی آئی سالانہ 35 فیصد کمی  سے 1.40 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ مالی سال 2020 کے پہلے 9 ماہ کی مدت کے دوران ایف ڈی آئی کا حجم 2.15 ارب ڈالر تھا۔

مارچ 2021 میں چین نے پاکستان میں سب سے زیادہ 126 ملین ڈالر خالص ایف ڈی آئی کی جبکہ 13.1 ملین ڈالر ایف ڈی آئی سے دوسرا نمبر متحدہ عرب امارات کا رہا۔

مارچ کے دوران ملک میں 158.7 ملین ڈالر مالیت کی غیرملکی نجی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جس میں 167.6 ملین ڈالر براہِ راست سرمایہ کاری سے منسوب ہے جبکہ 8.8 ملین ڈالر کی عدم سرمایہ کاری ایکویٹی سکیوریٹیز سے منسوب ہے جو پورٹ فولیو انویسٹمنٹس کا حصہ ہے۔

براہِ راست سرمایہ کاری میں 253.2 ملین ڈالر لائے گئے اور مارچ کے دوران 85.7 ملین ڈالر کا انخلاء ہوا۔ غیرملکی عوامی سرمایہ کاری کے تحت مارچ 2021 کے دوران ڈیبٹ سکیورٹیز میں 128.6 ملین ڈالر سرمایہ کاری نوٹ کی گئی اس کے مقابلے میں مارچ 2020 میں 1.83 ارب ڈالر کی عدم سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان میں مارچ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 287.4 ملین ڈالر رہا جبکہ مارچ 2020 میں 1.63 ارب ڈالر کی خالص سرمایہ کاری کا انخلاء ہوا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here