اشیائے ضروریہ کے اعدادوشمار جمع کرنے کیلئے مرکزی ڈیٹابیس کے قیام کا فیصلہ

71

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اشیائے ضروریہ سے متعلق اعدادوشمار جمع کرنے کے لیے مرکزی ڈیٹابیس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ ہے کہ وزارتِ خوراک نے وفاقی کابینہ کو ڈیٹابیس کے قیام کیلئے قانون کی منظوری دینے کی سمری بھیجی ہے۔ وزارت خوراک کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی پیداوار، طلب و رسد اور قیمتوں کے تعین کیلئے وفاق کی سطح پر ایک ڈیٹابیس کے ساتھ ڈیش بورڈ کا قیام بھی اہم ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی بغیر رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے اور بحران، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری ختم کرنے اور بروقت فیصلہ سازی اس ڈیٹا بیس کے قیام کے بنیادی محرکات ہیں۔ اس کے ساتھ  خوراک کی ضروری مقدار میں فراہمی، غذائی قلت کو ختم کرنا اور ضروری اجناس کی بین الصوبائی نقل و حمل کو یقینی بنانا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

یہ واضح رہے کہ وزارت خوراک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ درست اعدادوشمار کا تبادلہ کریں، وزارت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک ایسا قانونی فریم ورک دستیاب نہیں جس کی مدد سے وفاق، صوبے اور مختلف ادارے آپس میں منسلک ہو جائیں اور جس کے تحت ملک میں خوراک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور ضروری اعدادوشمار کا ریکارڈ رکھا جا سکے تاکہ بوقت ضرورت ان کا تبادلہ ہو سکے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here